ایڈمز کا 254 ارب ڈالر کے ریاستی بجٹ معاہدے پر مثبت ردعمل
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے گورنر کیتھی ہوکل اور ریاستی قانون سازوں کے درمیان مالی سال 2026 کے 254 ارب ڈالر کے بجٹ معاہدے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ نیویارک کی عوام کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔
میئر ایڈمز نے کہا کہ شہر کو محفوظ، قابل برداشت اور بہتر بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ شراکت داری ضروری ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے البانی میں عوامی حمایت یافتہ تجاویز پیش کیں۔ میئر ایڈمز نے بجٹ میں شامل کئی تجاویز کا خیرمقدم کیا خاص طور پر ورکنگ کلاس کے لیے ٹیکس کی چھوٹ، جس سے پانچ لاکھ سے زائد شہریوں کو 6 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا فائدہ ہوگا۔ انہوں نے گورنر ہوکل کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس اقدام کو بجٹ میں شامل کیا اور قانون سازی کے ذریعے اسے عملی جامہ پہنایا۔ ذہنی بیماری کے شکار افراد کے لیے قانون سازی کو ایڈمز نے عوامی تحفظ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئےکہا کہ غیر رضاکارانہ علاج کی پالیسی کی حمایت کے بعد قانون میں ہونے والی اصلاحات ان کی جدوجہد کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کریمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات خاص طور پر دریافت قوانین (discovery laws) میں تبدیلی کی بھی حمایت کی تاکہ مقدمات میں تیزی، گواہوں کا تحفظ اور منصفانہ فیصلے ممکن بنائے جا سکیں۔ میئر ایڈمز نے آخر میں ریاستی قیادت اور قانون سازوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نیویارک سٹی کی ترجیحات کو بجٹ کا حصہ بنایا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ قانون سازی کے عمل میں بھی شہر کے مفادات کے تحفظ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔