امریکا: ورجینیا کے رہائشی کو داعش کی مالی معاونت پر 30 سال قید
ورجینیا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست ورجینیا کے شہر اسپرنگ فیلڈ کے رہائشی محمد اظہرالدین چھپّا کو داعش کو مالی معاونت فراہم کرنے کے جرم میں 30 سال سے زائد قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق، چھپّا نے اکتوبر 2019 سے اکتوبر 2022 تک سوشل میڈیا کے ذریعے فنڈز اکٹھے کیے اور انہیں کرپٹو کرنسی میں تبدیل کر کے ترکی بھیجا جہاں سے یہ رقم شام میں داعش کے ارکان تک پہنچائی گئی۔ چھپّا نے یہ رقم داعش کی خواتین قیدیوں کو جیلوں سے فرار کروانے اور جنگجوؤں کی مدد کے لیے بھیجی تھی۔ اس کا ایک اہم ساتھی شام میں موجود ایک داعش رکن تھا جو دہشتگردی کے لیے مالی وسائل جمع کرتا تھا۔ مجموعی طور پر چھپّا نے 1 لاکھ 85 ہزار ڈالر سے زائد کی رقم بھیجی۔ دسمبر 2024 میں جیوری نے چھپّا کو دہشت گرد تنظیم کو معاونت فراہم کرنے کی سازش اور مادی وسائل فراہم کرنے کی متعدد دفعات پر مجرم قرار دیا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جو لوگ دہشت گردی کی مالی معاونت کرتے ہیں وہ دہشت گردی کرنے والوں کے برابر ذمہ دار ہوتے ہیں اور انہیں سخت سزا دی جائے گی۔