امریکا: رواں سال فلو سے 216 بچے جاں بحق
امریکہ میں رواں سال فلو سیزن میں اب تک 216 بچوں کی اموات رپورٹ کی گئی ہیں، جن میں سے 25 اموات نیویارک میں ہوئیں جو ریاست کی تاریخ میں اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
نیویارک اسٹیٹ کے ہیلتھ کمشنر ڈاکٹر جیمز میکڈونلڈ کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں میں سے صرف ایک کو فلو ویکسین دی گئی تھی، جبکہ پانچ بچے ایسے تھے جن کی عمر ویکسین لگوانے کے لیے مقررہ حد سے کم تھی۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ سے کم عمر بچوں کو ویکسین نہیں دی جا سکتی اس لیے ان کی حفاظت کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اردگرد موجود تمام افراد بروقت ویکسین لگوائیں۔ ڈاکٹر میکڈونلڈ نے ویکسین سے متعلق غلط معلومات کو ویکسین ہچکچاہٹ اور کم ہوتی شرح کی بڑی وجہ قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق بچوں کی ویکسینیشن کی شرح پچھلے پانچ سال میں 64 فیصد سے کم ہو کر اب صرف 49 فیصد رہ گئی ہے۔ سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (CDC) نے تمام افراد کو، جن کی عمر چھ ماہ یا اس سے زیادہ ہے ہر سال فلو ویکسین لگوانے کی سفارش کی ہے۔ نیویارک محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ عوام میں ویکسین کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم جاری ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق فروری کے بعد فلو کے کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے اور گزشتہ ہفتے تمام 50 امریکی ریاستوں میں فلو کی سرگرمی معمولی یا کم سطح پر رہی۔