ایڈمز کا بزرگ شہریوں کے لیے خصوصی ٹاؤن ہال میٹنگ کا انعقاد
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے بزرگ شہریوں کے مسائل سننے اور حکومتی اقدامات سے آگاہی کے لیے ایک خصوصی ٹاؤن ہال میٹنگ کا انعقاد کیا جہاں شہر بھر کے سینئر افراد نے شرکت کی۔
میئر ایڈمز نے کہنا ہے کہ ان کی انتظامیہ سینئر نیویارکرز کے لیے سستی رہائش، بہتر صحت سہولیات، محفوظ ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری خدمات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بزرگ افراد کو باعزت زندگی گزارنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ اس تقریب میں شہر بھر سے بڑی تعداد میں سینئر افراد نے شرکت کی۔ ٹاؤن ہال میں شریک مختلف سرکاری محکموں کے نمائندگان نے سینئر شہریوں کو موجودہ سہولیات جیسے ہوم کیئر سروسز، غذائی امداد، کرایہ میں رعایت، اور بزرگ مراکز کے پروگراموں سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔ شرکاء کو موقع دیا گیا کہ وہ براہِ راست اپنے سوالات اور مسائل سرکاری حکام کے سامنے رکھ سکیں۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ ان کی حکومت مستقبل میں بھی سینئرز کو پالیسی سازی کا حصہ بنائے گی تاکہ ایک ایسا شہر تشکیل دیا جا سکے جو ہر عمر کے افراد کے لیے قابل رہائش ہو۔ انہوں نے کہا، بزرگوں کے لیے بہتر شہر، سب کے لیے بہتر شہر ہوتا ہے۔