vosa.tv
Voice of South Asia!

فلوریڈا: عدالت کی ٹیکس ادارے AHS پر مستقل پابندی عائد

0

فلوریڈا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر کوپر سٹی میں قائم ٹیکس ریٹرن تیار کرنے والے ادارے AHS انکم ٹیکس سروسز پر وفاقی عدالت نے مستقل پابندی عائد کر دی ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ برائے سدرن ڈسٹرکٹ آف فلوریڈا نے حکم دیا کہ ادارے کو فوری طور پر بند کیا جائے اور رام چندانی آئندہ کسی فرد کے لیے فیڈرل انکم ٹیکس ریٹرن تیار کرنے یا اپنے صارفین کی فہرست منتقل کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔ رام چندانی اور ان کی کمپنی نے عدالت کے فیصلے سے اتفاق کر لیا ہے۔ یہ ادارہ پہلے ہی رواں فائلنگ سیزن سے قبل عبوری پابندی پر رضامند ہو چکا تھا۔ محکمہ انصاف کے ٹیکس ڈویژن کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں الزام لگایا گیا کہ رام چندانی نے اپنے گاہکوں کے ٹیکس ریٹرن میں جعلی یا غیر حقیقی ٹیکس کریڈٹس شامل کیے، جن میں رہائشی توانائی کریڈٹس، فیول ٹیکس کریڈٹس، فرضی کاروباری نقصانات، جعلی تعلیمی کریڈٹس اور بچوں و منحصر افراد کے نام پر جھوٹے دعوے شامل تھے۔ درخواست کے مطابق ان غلط ٹیکس ریٹرنز کے نتیجے میں 2022 اور 2023 کے دوران وفاقی حکومت کو 1 کروڑ ڈالر سے زائد کا ٹیکس نقصان پہنچا ہے۔ محکمہ انصاف نے ٹیکس دہندگان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ذمہ دار ٹیکس ریٹرن پریپیئرز سے محتاط رہیں۔ آئی آر ایس کی ویب سائٹ پر ایک رہنما ڈائریکٹری موجود ہے جہاں سے مستند پریپیئرز کی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ ساتھ ہی گھوسٹ پریپیئرز اور دیگر دھوکہ دہی کے طریقوں سے متعلق وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.