ٹرمپ کا پاکستان کے خلاف بھارتی حملہ شرمناک قرار
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے خلاف بھارت کے بزدلانہ حملے کو شرمناک قرار دے دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شرم کی بات ہے کہ ہم نے ابھی پاکستان کے خلاف بھارت کے حملوں کے بارے میں سنا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ یہ بہت جلد ختم ہو جائے۔ بھارت نے پاکستان کے 5 مختلف مقامات پر میزائل حملے کیے جن میں سویلین آبادی اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا، بھارتی حملے میں 26 شہری شہید ہوگئے۔ ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت نے کوٹلی، احمدپور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے کو نشانہ بنایا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، احمدپور شرقیہ (بہاولپور) میں مسجد سبحان اللہ پر بھارتی میزائل حملہ کیا گیا، جس میں سویلینز کو بزدلانہ طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔ حملوں کے بعد پاکستان نے اپنی ایئراسپیس فوری طور پر بند کر دی اور تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق، ایئراسپیس کو 48 گھنٹوں کے لیے بند کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔ حکام نے شہریوں سے پرامن رہنے اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کی اپیل کی ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔