کیلیفورنیا: تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 3 افراد جاں بحق
کیلیفورنیا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سمندر میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 3 افراد جاں بحق، چار زخمی جبکہ نو افراد لاپتہ ہو گئے۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ سمندری اسمگلنگ کی کوشش کے دوران پیش آیا۔ سان ڈیاگو کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے مطابق صبح 6 بج کر 30 منٹ پر کشتی الٹنے کی اطلاع ملنے پر یو ایس کوسٹ گارڈ سمیت متعدد ایجنسیوں نے فوری ریسکیو کارروائی شروع کی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کشتی میں 18 افراد سوار تھے۔ کوسٹ گارڈ حکام کے مطابق حادثے میں تین افراد موقع پر ہی جا بحق ہو گئے، چار زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جبکہ نو افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ سان ڈیاگو کاؤنٹی میڈیکل ایگزامنر آفس کے مطابق جاں بحق افراد تمام مرد تھے۔ حکام نے واقعے کو ممکنہ طور پر غیرقانونی انسانی اسمگلنگ کا حصہ قرار دیا ہے۔ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔