مین ہٹن: 133 سال پرانا چرچ مرمت کے بعد دوبارہ فعال
مین ہٹن(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے مین ہٹن کے مشہور تاریخی چرچ مڈل کولیجیئٹ نے ایسٹر کے موقع پر پانچ سال بعد اپنے دروازے دوبارہ عوام کے لیے کھول دیے ہیں۔
حکام کے مطابق، عبادت گاہ کی اس نئی شروعات کو امید، انصاف اور محبت کے پیغام کے طور پر پیش کیا گیا۔ یہ چرچ 5 دسمبر 2020 کو اس وقت شدید متاثر ہوا تھا جب اس کے ساتھ واقع ایک خالی عمارت میں لگنے والی آگ تیزی سے پھیل کر چرچ تک پہنچ گئی، جس کے نتیجے میں 133 سال پرانی تاریخی عمارت بری طرح تباہ ہو گئی۔ ایسٹ سیونتھ اسٹریٹ اور سیکنڈ ایونیو پر واقع یہ چرچ امریکہ کے قدیم ترین مذاہب اداروں میں شمار ہوتا ہے اور کئی تاریخی لمحات کا گواہ رہ چکا ہے۔ آگ کے بعد چرچ نے کئی برسوں تک اپنی مرمت اور بحالی کا عمل جاری رکھا۔ اس دوران کمیونٹی سرگرمیاں جاری رہیں، لیکن عبادت گاہ کا دوبارہ کھلنا ایک اہم سنگ میل سمجھا جا رہا تھا۔ افتتاحی تقریب میں مقامی افراد اور چرچ سے وابستہ کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ چرچ انتظامیہ کے مطابق ان کا مقصد یہ ہے کہ عبادت گاہ سب کے لیے ایک محفوظ، مساوی اور پُرامن جگہ بنی رہے، جہاں لوگ ایک دوسرے سے جڑیں اور سماجی انصاف کے لیے مل کر کام کریں۔