یمن کے دارالحکومت صنعا میں امریکی فضائی حملے، 12 افراد جاں بحق
یمن کے دارالحکومت صنعا پر امریکی فضائی حملوں کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 30 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
حوثی باغیوں کے زیرانتظام وزارت صحت کے مطابق، امریکا نے دارالحکومت صنعا کے ضلع فروا میں ایک بازار اور رہائشی علاقے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہو گئے۔ حوثی خبررساں ادارے "سبا” کے مطابق وسطی صوبہ مآرب، مغربی علاقے الحدیدہ اور شمالی شہر صعدہ میں بھی امریکی حملے کیے گئے۔ صعدہ کو حوثیوں کا اہم گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ حوثیوں کے مطابق جمعرات کو راس عیسیٰ آئل پورٹ پر کیے گئے ایک حملے میں تقریباً 80 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 150 زخمی ہو گئے۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ "ایران نواز حوثی دہشت گردوں” کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ خلیج میں بین الاقوامی شپنگ پر حملے روکے جا سکیں۔ امریکی حملے جنوری 2024 سے جاری ہیں، لیکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد ان میں تیزی آئی ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے امریکی حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ لیکن انہوں نے حوثیوں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل اور خلیجی ممالک کی شپنگ پر میزائل حملے بند کریں۔ حوثیوں کا دعویٰ ہے کہ ان کے حملے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف حماس سے یکجہتی کے طور پر کیے جا رہے ہیں۔