میئر ایڈمز کا آؤٹ ڈور ڈائننگ پروگرام کی بحالی کا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز، ڈپٹی میئر آف آپریشنز جیف روتھ اور ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن کے کمشنر یدانس روڈریگز نے شہر بھر میں آؤٹ ڈور ڈائننگ کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔
میئر ایڈمز نے کہا ہے کہ ڈائننگ آؤٹ پروگرام کے تحت ریستوران یکم اپریل سے 29 نومبر تک سڑکوں پر ڈائننگ سیٹ اپ قائم کر سکیں گے، جس سے معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی امید ہے۔ حکام کے مطابق، اس وقت شہر میں 2,450 ریستوران آؤٹ ڈور ڈائننگ کی سہولت فراہم کر رہے ہیں، جبکہ مزید ریستورانوں کی شمولیت متوقع ہے۔ ایڈمز نے اس اقدام کو شہر کے سب سے مقبول پروگراموں میں شامل قرار دیا اور کہا کہ یہ نہ صرف چھوٹے کاروباروں کو سہارا دے گا بلکہ نیویارک کے متحرک طرز زندگی کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ ڈپٹی میئر روتھ کے مطابق، نیویارک سٹی میں آؤٹ ڈور ڈائننگ اب ملک کا سب سے بڑا مستقل پروگرام بن چکا ہے، جو پہلے کے فٹ پاتھ کیفے منصوبے کے مقابلے میں دوگنا وسعت اختیار کر چکا ہے۔ ڈی او ٹی کمشنر روڈریگز نے کہا کہ اس اقدام سے شہری سڑکوں کو مزید فعال اور پرکشش بنانے میں مدد ملے گی۔ نئی پالیسی کے مطابق، فٹ پاتھ پر ڈائننگ سال بھر جاری رہے گی، جبکہ روڈ وے ڈائننگ صرف یکم اپریل سے 29 نومبر تک دستیاب ہوگی۔ اب تک 600 ریستوران روڈ وے ڈائننگ اور 1,850 فٹ پاتھ ڈائننگ کے لیے مشروط منظوری حاصل کر چکے ہیں۔ ایڈمز انتظامیہ نے اس عمل کو آسان اور تیز بنانے کا عندیہ دیا ہے تاکہ کاروبار فوری طور پر کام شروع کر سکیں۔ شہر نے ایک ڈائننگ آؤٹ نیویارک مارکیٹ پلیس بھی متعارف کروایا ہے، جو ریستورانوں کو آؤٹ ڈور ڈائننگ سیٹ اپ خریدنے یا کرائے پر لینے میں مدد فراہم کرے گا۔ کرائے کے پیکجز ماہانہ 1,000 ڈالر یا روزانہ 33 ڈالر سے شروع ہوں گے، تاکہ ریستورانوں کو سیزن کے اختتام پر اضافی اسٹوریج کی ضرورت نہ پڑے۔یہ اقدام میئر ایڈمز کے نیویارک سٹی میں عالمی معیار کے عوامی مقامات کی توسیع کے منصوبے کا حصہ ہے۔ 2024 میں ایڈمز انتظامیہ نے 249 مقامات پر اوپن اسٹریٹس پروگرام کو وسعت دی، جن میں 71 نئے اسکول زون بھی شامل ہیں، تاکہ بچوں اور والدین کے لیے مزید محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔