نیویارک:استقبالِ رمضان، لٹل پاکستان روشنیوں سے جگمگا اُٹھا
نیویارک/نمائندہ خصوصی: امریکا میں رمضان المبارک کاآغاز ہوگیا۔ نیویارک میں کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن( کوپو) نے کونی آئی لینڈ ایونیو جسے لٹل پاکستان بھی کہا جاتا ہے ،اسے روشنیوں سے سجا کر ماہِ رمضان کا استقبال کیا۔
رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کے مہینے کاآغاز ہوگیا۔ کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن نے ہر سال کی طرح اس سال بھی کونی آئی لینڈ ایونیو لٹل پاکستان کو روشنیوں سے سجایا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام ِ پاک سے ہوا۔استقبالِ ر مضان کی خصوصی تقریب میں نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز، اسمبلی مین رابرٹ کیرول سمیت کئی امریکی آفیشلز شریک ہوئے ۔سب نے مل کرماہِ صیام کا شاندار انداز میں استقبال کیا۔کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع مکی مسجد اور کوپو کے دفتر سمیت دیگر عمارتیں اور گزرگاہ پر چمکتے دمکتے برقی قمقموں سے لکھا رمضان مبارک بہت خوبصورت منظر پیش کر رہا تھا،شرکاء سے خطاب میں میئر ایرک ایڈمز اور اسمبلی مین رابرٹ کیرول کا کہنا تھا کونی آئی لینڈ ایونیو آکر ہمیشہ خوشگوار احساس ہوتا ہے ۔تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سیاسی ، سماجی اور کاروباری شخصیات بھی شریک تھیں۔ شرکاء سے خطاب میں کوپو کے سربراہ محمد رضوی کا کہنا تھا کہ میئر ایرک ایڈمز نے نہ صرف پاکستانی بلکہ مسلم کمیونٹی کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے۔ استقبال ِ رمضان کی تقریب میں شریک امریکی آفیشلز نے بھی مسلمانوں کو ماِِ ہ رمضان کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔قبل ازیں نیویارک پولیس کی مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر کیپٹن وحید اختر نے حاضرین سے خطاب میں کہا کہ رمضان صبروتحمل، برداشت، رواداری اور ایثار کا مہینہ ہے ۔اس موقع پر رمضان المبارک کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔