خواتین گھریلو تشدد کے خلاف اپنا قانونی حق استعمال کریں، سیمینار
نیویارک(نمائندہ خصوصی)نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی خواتین کا کہنا ہے کہ خاندانی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے گھریلو تشدد کی روک تھام انتہائی ضروری ہے۔یہ بات انھوں نے نیو لائف منارٹی کے زیر اہتمام ڈومیسٹک وائلنس سے متعلق آگہی سیمینار سے خطاب میں کہی۔
نیولائف منارٹی ہیومن رائٹس کونسل کے زیرِ اہتمام بروکلین کے علاقے کونی آئی لینڈ ایونیو پر ڈومیسٹک وائلنس کے بارے میں شعور و آگہی پر مبنی سیمینار کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔تقریب میں شریک پاکستانی امریکن کمیونٹی کی خواتین نے گھریلو تشدد سے متعلق آگہی،بچاؤ اور روک تھام کی علامت،جامنی رنگ کے لباس زیبِ تن کیے ہوئے تھے۔نیولائف منارٹی ہیومن رائٹس کونسل کی چیئرپرسن راحیلہ اسلم اور سینئر رہنما ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے شرکاء کو بریفنگ دی۔ان کا کہنا تھا کہ ساؤتھ ایشین کمیونٹی میں ڈومیسٹک وائلنس ایک سنگین مسئلہ ہے۔یہ صرف جسمانی نہیں بلکہ ذہنی،معاشی اذیت اور بچے بچیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک بھی گھریلو تشدد میں شمار کیا جاتا ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ گھریلو تشدد کے واقعات کو نظر انداز اور ان پر مسلسل خاموشی اختیار کرنا ان واقعات کو بڑھاوا دینے کا باعث بنتا ہے۔ڈومیسٹک وائلنس کی روک تھام اور بچاؤ کے لیے ضروری ہے کہ اپنے آئینی اور قانونی حق کا استعمال کیا جائے۔آخر میں چند روز قبل ڈیلس میں ڈاکٹر سلمیٰ کوثر کے انتقال کرجانے والے داماد سروش نظامی کے ایصالِ ثواب کے لیے دُعا بھی کروائی گئی۔