سینیٹر ولید اقبال کا نیویارک میں علامہ اقبال کے نام سے منسوب سڑک کا دورہ
نیویارک(بیورو رپورٹ)پاکستان کے عظیم شاعر اور مفکر علامہ محمد اقبال کے پوتے، سینیٹر ولید اقبال نیویارک کے علاقے کوئینز میں علامہ اقبال کے نام سے منسوب سڑک کا دورہ کرنے کے لیے پہنچ گئے۔نیویارک کے علاقے کوئینز میں پاکستانی سینیٹر ولید اقبال امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے صدر، علی رشید کی رہائش گاہ پر پہنچے ، جہاں ان کے اعزاز میں ایک خصوصی لنچ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس ملاقات کے دوران علی رشید نے اپنی آرگنائزیشن اور اس کے مقاصد کے حوالے سے سینیٹر ولید اقبال کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔واضح رہے کہ کوئینز کے علاقے میں ایک سال قبل علامہ اقبال کے نام سے ایک سڑک منسوب کی گئی تھی، جو نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک فخر کا لمحہ ہے۔ سینیٹر ولید اقبال کے اس دورے نے پاکستانی کمیونٹی کے جذبات کو مزید تقویت دی، جنہوں نے اپنے عظیم مفکر کی یادگار کو نیویارک جیسے شہر میں دیکھنے کے لیے ایک خاص دلچسپی ظاہر کی۔ یہ دورہ ایک اہم لمحہ تھا، جہاں سینیٹر ولید اقبال نے اپنے دادا کی یادگار کو دیکھ کر دعا بھی کی۔اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے سینیٹر ولید اقبال سے ملاقات کی اور اس تاریخی لمحے کو یادگار بنانے کے لیے تصاویر بنوائیں اور کیک بھی کاٹا گیا۔