بنگلہ دیش میں عبوری حکومت بنانے کااعلان۔حسینہ جان بچاکر بھارت فرار
فوج نے شہریوں کے جاں بحق ہونے کی تحقیقات کرانے کا اعلان کردیا،طلباء سے پُرامن رہنے کی اپیل،فوج پر اعتماد رکھیں،آرمی چیف
ڈھاکا:بنگلہ دیش میں ایک ماہ سے زائد عرصے سے عوام سٹرکوں پر نکلی ہوئی ہے اور عوامی احتجاج رنگ لے آیا ہے ۔حسینہ واجد کے احکامات کے باوجود بنگلہ دیشی فوج نے عوام پر گولی چلانے سے انکار کردیا اور حسینہ واجد کو استعفی دینا پڑا۔ بنگلہ دیش کے آرمی چیف نے پر یس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ حسینہ نے استعفیٰ دے دیا ہے، اب عبوری حکومت ملک چلائے گی، ہم بنگلہ دیش میں امن واپس لائیں گے۔بنگلہ دیشی آرمی چیف نے کہا ہے کہ عبوری حکومت کے قیام کے لیے بات چیت جاری ہے،صدر سے جَلد ملاقات کروں گا، صدر سے ملاقات میں عبوری حکومت کے قیام پر بات ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ آرمی سے مذاکرات میں تمام اہم سیاسی جماعتیں شریک ہوں گی، عبوری حکومت کے قیام کے لیے عوامی لیگ کے سوا تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت ہوئی ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ عوام پرتشدد اقدامات سے دور رہیں، عوام سے اپیل ہے فوج پر اعتماد رکھیں، عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتا ہوں۔بنگلا دیشی آرمی چیف وقار الزمان نے کہا ہے کہ ملک میں کرفیو یا ایمرجنسی کی کوئی ضرورت نہیں، آج رات تک مسائل کا حل تلاش کرلیں گے،کوشش ہے کہ آج رات تک معاملات سلجھ جائیں۔بنگلا دیشی آرمی چیف نے کہا کہ طلبہ پرامن رہیں اور اپنے گھروں کو واپس جائیں، عوام پر امن رہیں، اب کسی افرا تفری اور احتجاج ضرورت نہیں ہے۔بنگلہ دیش کے آرمی چیف کا کہنا ہے کہ مظاہروں کے دوران ہوئی ہلاکتوں کی تحقیقات کریں گے۔بنگلہ دیش کے آرمی چیف نے کہا ہے کہ ایک دو روز کے اندر تمام معاملات اچھے طریقے سے حل کرنے کی کوشش ہے، مکمل ذمہ داری لے رہا ہوں کہ ہر ہلاکت اور قتل کی مکمل تحقیقات ہوں گی، عوام کا ایک ایک مطالبہ تسلیم کیا جائے گا، عوام ہمارا ساتھ دیں۔مزید براں بھارتی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ واجد فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھارتی شہر اگرتلہ پہنچی ہیں، بھارت شیخ حسینہ کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق شیخ حسینہ واجد نے محفوظ مقام پر منتقلی سے قبل تقریر ریکارڈ کرانے کی بھی کوشش کی تھی۔خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ واجد کو تقریر ریکارڈ کرانے کا موقع نہیں دیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیشی وزیرِاعظم شیخ حسینہ بھارت سے فن لینڈ روانہ ہوں گی۔دوسری جانب خبر ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش کے وزیرِ قانون کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کی صورتحال بہت خراب ہے، کیا ہو رہا ہے، علم نہیں۔خبرایجنسی کے مطابق شیخ حسینہ کے بیٹے کی جانب سے اقتدار میں آنے والی کسی بھی غیر منتخب حکومت کو روکنے کے لیے سیکیورٹی فورسز پر زور دیا جا رہا ہے۔