ایران:خاندانی تنازعہ12 افراد کی جان لے گیا
ایران میں 30 سالہ شخص نے کلاشنکوف کا برسٹ چلا کر اپنے خاندان کے 12 رشتہ داروں کو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔یہ واقعہ ایران کے صوبے کرمان کے دیہی علاقے میں پیش آیا۔ جنونی شخص نے نہایت قریب سے گولیاں ماری تھیں جس کے باعث تمام افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے تھے۔ایران کے وزارت انصاف کے سربراہ ابراہیم حمیدی نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم نے گرفتاری دینے کے بجائے سیکیورٹی فورسز پر بھی فائرنگ کی تاہم جوابی فائرنگ میں ملزم خود مارا گیا۔ایرانی پولیس کی جانب سے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور نہ قتل ہونے والوں کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی اس ہولناک واردات کے محرکات کا اب تک پتا نہ چل سکا تاہم کہا جا رہا ہے کہ ملزم نے خاندانی تنازع کے باعث ایسا کیا۔