کامیابیاں ملنے کے بعد عاطف اسلم کے ساتھ میل جول ختم ہوا۔علی ظفر
عاطف اسلم اپنی زندگی اور کیرئیر میں کامیاب ہے۔
عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر نے پہلی بار اپنی اور عاطف اسلم کی دشمنی پر ردعمل دے دیا۔علی ظفر اور عاطف اسلم وہ دو مشہور پاکستانی گلوکار ہیں جنہوں نے اپنی حیرت انگیز آواز اور ہٹ گانوں کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر مقبولیت حاصل کی، دونوں گلوکاروں نے متعدد ہٹ گانے گائے اور اداکاری کی دنیا میں بھی اپنی قسمت آزمائی ۔حال ہی میں، علی ظفر پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے عاطف اسلم کے ساتھ اپنی دشمنی کے بارے میں بات کی۔علی ظفر نے کہا کہ پہلے میں اور عاطف ایک ساتھ گھومتے پھرتے تھے لیکن اب ہم دونوں کی اپنی زندگی اور کامیاب کیریئر ہے تو شاید اسی وجہ سے ہم دونوں ملتے نہیں اور نہ ہی ساتھ وقت گزارتے ہیں۔میں نے ہمیشہ اس بات پر یقین رکھا ہے کہ فنکاروں کے درمیان دوستی کا رشتہ قائم ہونا چاہیے اور ایک مثبت ماحول میں مل کر کام کرنا چاہیے، فنکاروں کے درمیان مقابلے کی جنگ نہیں ہونی چاہیے کیونکہ ہر فنکار کے عروج کا ایک وقت ہوتا ہے، عروج اور زوال فنکار کے کیریئر میں لازمی ہوتا ہے۔اُنہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جہاں آج میں ہوں وہاں کل کوئی دوسرا فنکار ہوسکتا ہے، اسی طرح شہرت کی جس بلندیوں پر آج عاطف اسلم ہیں وہاں کل کوئی دوسرا گلوکار بھی ہوسکتا ہے۔