شارجہ ، پاکستانی خاندان کے گھر میں آگ لگنے سے 2افراد جاں بحق
حکام نے تصدیق کی ہے کہ شارجہ میں ایک اپارٹمنٹ کی عمارت میں آگ لگنے سے ایک پاکستانی شخص اور اس کی 11 سالہ بیٹی دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ اس شخص کی بیوی کی حالت تشویشناک ہے اور اسے القاسمی ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا ہے۔جوڑے کے دو دیگر بچے، ایک نو سال کی لڑکی اور پانچ سال کی عمر کا لڑکا، جنہیں بھی دم گھٹنے کی علامات کے ساتھ ہسپتال لے جایا گیا تھا، اب صحت یاب ہو رہے ہیں۔شارجہ سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر سامی خامس النقبی نے بتایا کہ یہ اپارٹمنٹ میولیح کے علاقے میں عمارت کی تیسری منزل پر واقع ہے۔ عمارت کی تیسری منزل پر واقع اس اپارٹمنٹ میں آگ لگ گئی اور دھواں پوری عمارت میں پھیل گیا۔بریگیڈیئر النقبی نے بتایا کہ آگ تقریباً 2.08 بجے لگی اور فائر فائٹرز 2.12 بجے جائے وقوعہ پر پہنچے۔فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے اور فرانزک ٹیم نے تحقیقات کے لیے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے۔عملے نے فوری جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔