غزہ کے باشندوں کو زبردستی بے گھرنہیں کیا جانا چاہیے،امریکی وزیرِ خارجہ
غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے، محمود عباس
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ سے ملاقات اور بحرین کا سفر کیا۔امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران فلسطینی صدر محمود عباس نے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔امریکی وزیر خارجہ نے محمود عباس سے کہا کہ واشنگٹن فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ’ٹھوس اقدامات‘ کی حمایت کرتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سخت حفاظتی اقدامات کے دوران فلسطینی صدر محمود عباس کے رملہ میں واقع ہیڈ کوارٹر پہنچے۔ اس موقع پر وہاں موجودمظاہرین نے شدید نعرے بازی کی ۔مظاہرین فلسطینی سکیورٹی اہلکاروں کو دھکیلتے رہے اور امریکی وزیر خارجہ کے خلاف جبکہ فلسطین کے حق میں نعرے بلند کرتے رہے۔ مظاہرین نے ’فری فلسطین‘، ’بلنکن آؤٹ‘ اور ’نسل کشی بند کرو‘ نعرے لگائے اور پلے کارڈز لہرائے۔ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق امریکی وزیر ِ خارجہ انٹونی بلنکن نے فلسطینی صدر محمود عباس سے گفتگو میں کہا کہ غزہ کے باشندوں کو زبردستی بے گھرنہیں کیا جانا چاہیے۔ اس موقع پر محمود عباس کا کہنا تھا کہ فوری جنگ بندی اور غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کی اجازت ہونی چاہیے۔