غزہ فلسطینی سر زمین کا حصہ ہے:ترجمان امریکی محکمہ خارجہ
امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہےکہ غزہ فلسطینی سر زمین ہے اور رہے گی۔امریکا نے اسرائیلی وزراء کی جانب سے فلسطینیوں کو غزہ سے نکل جانے کے دیے گئے بیان کی مذمت کی ہے۔امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکا اسرائیلی وزراء کے بیان کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزراء کا بیان اشتعال انگیز اور غیر ذمے دارانہ ہے۔ حماس کا اب کوئی مستقبل نہیں ہے۔ ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ میتھیو ملر نے مزید کہا کہ کوئی تخریب کار گروپ اب اسرائیل کے لیے خطرہ نہیں ہے۔خیال رہے کہ منگل کو 2 اسرائیلی وزراء نے فلسطینیوں کو غزہ سے نکل جانے کا کہا تھا۔اسرائیلی وزراء نے یہودی آباد کاروں کو محصور علاقوں میں واپس جانے کے لیے بھی کہا تھا۔