برونکس سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنر کا انعقاد،گراں قدر خدمات پرمرد وخواتین میں ایوارڈز تقسیم
مسلم امریکن کمیونٹی اور خدمتِ خلق میں پیش پیش ایک اہم و نمائندہ تنظیم اکنا ریلیف نیویارک کے زیر اہتمام برونکس میں سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنر کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر اکنا ریلیف نیویارک کے سالانہ بینکوئٹ بروکلین میں پاکستانی، بنگلہ دیشی سمیت مسلم امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات او ر ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔گرینڈ روزویلٹ ہال میں منعقدہ ڈنر کے اہتمام میں اکنا ریلیف نارتھ ایسٹ اور نیویارک کے ارشد جمال ، اسحاق الپار، معوذ اسد صدیقی ، چوہدری انور گجر سمیت ٹیم اکنا ریلیف نیویارک نے اہم کردار ادا کیا تھا۔تقریب کا آغازمحمد حیدر شاہ نے قرآن کی تلاوت سے کیاجبکہ پاکستان سے آئے حمد و نعت خواں سید جان بخاری نے حمد باری تعالیٰ سنائی اور نبی کریم ﷺ کی بار گاہ میں ہدئیہ عقیدت پیش کیا ۔ کمیونٹی رہنما شبیر گل علیل ہونے کے باعث شرکت نہیں کرسکے۔ تاہم تقریب میں تمام وقت ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش جاتا رہا، ان کی صحت عاملہ و عاجلہ کے لئے خصوصی دعا کرائی گئی ۔تقریب میں شبیر گل کو ان کی غیر حاضری میں برونکس بورو پریذیڈنٹ آفس کی جانب سے خصوصی ایوارڈ سے نواز ا گیا۔ شبیر گل کی ایماءپر ان کا ایوارڈ کمیونٹی قائدین عامر رزاق، خارو بیگ نے ماہ نور جوارا اور ارشد جمال سے وصول کیا۔نظامت کے فرائض ماہ نوور جوارا نے ادا کیے ۔ شرکاءکو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ برونکس میں مسلم امریکن کمیونٹی کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ اکنا ریلیف کے پلیٹ فارم سے خدمات خلق اور کمیونٹی کےلئے دینی خدمات کے سلسلے میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ اکنا ریلیف نارتھ ایسٹ کے صدر ارشد جمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ پینٹری ، ٹرانزیشن ہوم ، بیک ٹوا سکول پروگرامز سمیت اکنا ریلیف کے پلیٹ فارم سے مختلف شعبوں میں بلا امتیاز نیویارکرز کی خدمات کا سلسلہ سالہا سال سے جاری ہے ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے خدمات کے اس سلسلے میں اضافہ ہو رہا ہے، ایسا کمیونٹی کے ان تمام سپورٹرز کی وجہ سے ممکن ہے کہ جن کی سپورٹ سے اکنا ریلیف اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے ۔فنڈ ریزنگ ڈنر کے کلیدی مقرر ڈیلاس ، ٹیکساس سے آئے جواں سال اسلامک سکالر یحیٰ جو کوما نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کے پاس جو بھی موجود ہے ، وہ اللہ تعالیٰ کا دیا ہوا ہے ۔ اللہ کے دئیے ہوئے مال سے اللہ کی راہ میں اپنے مال کو خرچ کرو۔ اس کا اجر عظیم بھی ملتا ہے ۔فنڈ ریزنگ ڈنر سے امام محمد حمید الرحمان نے بھی خطاب کے دوران قرآن و حدیث کی روشنی میں خلق خدا کی خدمات کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔تقریب سے برونکس ( نیویارک ) سے تعلق رکھنے والی15 سالہ طالبہ زینب سلیمان بٹ نے اپنے خطاب سے سب کو بے حد متاثر کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ اگر تم میرے نام پر کسی ضرورت مند کی مدد کرو گے تو میں تمہیں کئی گنا عطا کروں گا۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی خواتین اسلامک سکالر ز کوثر زبیر اور نبیلہ احمد کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں اپنے برونکس کی خواتین بہنوں پر فخر ہے کہ جو اب خدمات خلق کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں ۔ ہمارا یہ ماننا ہے کہ خدمات خلق وہی انجام دیتے ہیں کہ جنہیں اللہ تعالیٰ توفیق عطاءفرماتے ہیں ۔اس پروگرام میں معروف ادکار عمر شریف کے صاحبزادے اور عمر شریف فانڈوینشن کے صدر جواد شریف نے اکنا ریلیف کے کاموں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔اکنا ریلیف کی جانب سے کمیونٹی کی خواتین ارکان سسٹر آصفہ طاہر، بشریٰ اقبال ، یاسمین ڈار اور خدیجہ نانا باوا کو ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر خصوصی ایوارڈز پیش کئے گئے۔

پاکستانی امریکن کمیونٹی کی دو اہم شخصیات چوہدری عامر رزاق اور مرزا خاور بیگ کو بھی ”شہری مشغولیت کے شعبے میں ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر خصوصی ایوارڈز پیش کئے گئے ۔محمد مجندر کو سول ورک ایوارڈ سے نوازا گیا۔برونکس بورو پریذیڈنٹ آفس کی جانب سے برونکس کی مسلم کمیونٹی کے دیگر قائدین منظور چوہدری ، امام حمید الرحمان اشرف اور احمد ہارون کو بھی ایوارڈز سے نوازا گیا ۔آخر میں اکنا ریلیف ٹیم کے ارشد جمال ، انور گجر، معوذ اسد صدیقی ، اسحاق الپارکی جانب سے فنڈ ریزنگ کے تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا گیا۔