نیوجرسی:پاکستان امریکن کمیونٹی کار ریلی،غزہ میں مستقل جنگ بندی مطالبہ
امریکی ریاست نیو جرسی میں پاکستانی امریکن کمیونٹی نے غزہ میں مستقل جنگ بندی اور بلیک فرائیڈے کے بائیکاٹ کے لیے بڑی کار ریلی نکالی اور مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے۔نیوجرسی میں پاکستانی امریکن کمیونٹی میں غزہ میں مستقل جنگ بندی اور مظلوم فسلطینیوں کی نسل کشی رکوانے کے لیے کار ریلی کا انعقاد کیا،اس موقع پر بڑی تعداد میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے لوگوں نے شرکت کی۔ریلی کی ابتداء ایم اے ایس یو تھ سینٹر سے شروع ہوئی جو مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی مولی پیچر سروس پلازہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔کار ریلی میں مرد وخواتین کے ساتھ نوجوان اور بچے بھی بڑی تعداد میں شریک تھے،ریلی کے شرکاء نے نہ صرف اپنی گاڑیوں پر فسلطینی پرچم لہرائے ہوئے تھے بلکہ خود بھی فلسطینی پرچم کے ساتھ مزاحمتی تنظیم حماس کے مشابہہ مفلر گلے میں ڈالے ہوئے تھے۔ شرکاء نے کئی مقامات پر رک پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا اور اسرائیلی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے ٹرک بھی چلوائے جن پر سیف غزہ اور سیز فائر کے مطالبات درج تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے غزہ میں شہری آبادی اور اسپتالوں پر بمباری کرکے بے گناہ فلسطینیوں کو قتل کیا جن میں ساڑھے چھ ہزار بچے بھی شامل ہیں۔شرکاء نے عالمی برداری سے مطالبہ کیا غزہ میں مستقل بنیادوں پر جنگ بندی کروائی جائے۔ دوسری جانب بلیک فرائیڈے مہم کے بائیکاٹ کے سلسلے میں ریاست نیو جرسی ہی میں مینلو پارک مال اور گارڈن اسٹیٹ پلازہ میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔یہ مظاہرے تھینکس گیونگ ڈے کے اگلے روز کیے گئے تھے۔