ایران کی القدس فورس کے کمانڈر کا القسام بریگیڈ کے کمانڈر کے نام حمایتی مکتوب
تہران: ایران کی القدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قآنی نے اسرائیل کیخلاف جنگ میں حماس کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اسرائیل کے ساتھ حماس کی جنگ میں جو بھی کرسکے گا وہ کرے گا۔ ایرانی قدس فورس کے سربراہ نے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد ضیف کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آپ کے بھائی مزاحمت میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آپ کے بھائی دشمن کو موقع نہیں دیں گے کہ وہ اپنے غلط عزائم میں غزہ یا اسرائیل میں کامیاب ہوں ۔حماس کے عسکری ونگ کے سربراہ کے نام خط میں لکھا ہے آپ کے بھائی دشمنوں کے خلاف آپ کی مزاحمت میں متحد ہو کر آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔خط میں اس مزاحمتی محور کا بھی ذکر کیا گیا جس میں ایران کے حمایت یافتہ حماس کے علاوہ حزب اللہ ، سمیت شام ، یمن اور عراق میں موجود دیگر گروپ ہیں۔ایرانی قدس فورس کو ایران سے باہر فوجی کارروائیوں کی ذمہ دار فورس کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔اس خط کی اشاعت اس خبر کے ایک روز بعد کی گئی ہے جب ایک خبر رساں ادارے نے یہ رپورٹ شائع کی تھی کہ ایرانی رہبر علی خامنہ ای نے فلسطینی قائد اسماعیل ھنیہ کے ملاقات کے دوران انہیں اسرائیل کے خلاف جنگ کا حصہ نہ بننے کا پیغام دیا تھا۔ اسماعیل ھنیہ اس ماہ کے شروع میں علی خامنہ ای کے ساتھ ملاقات کے لیے ایران آئے تھے۔