یورپی پارلیمنٹ کی غزہ پر قرارداد،جنگ بندی کا مشروط مطالبہ
یورپی پارلیمنٹ کے قانون سازوں نے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کے مطالبے سے اتفاق نہ کرنے کا ایک بار پھر اشارہ دیا ہے۔یورپی پارلیمنٹ نے اپنے اجلاس کے بعد تقریباً وہی بات کہی ہے جو اسرائیل کا مسلسل موقف چلا آرہا ہے اور جسے قبول کرنے کے لیے حماس تیار نہیں ہے۔ یورپی پارلیمنٹ کی طرف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے اسرائیلی یرغمالیوں کو پہلے رہا کیا جائے۔ نیز غزہ سے حماس کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔ جبکہ حماس جنگ بندی سے پہلے کسی صورت یرغمالیوں کو رہا نہ کرنے کا واضح موقف دے چکا ہے۔قرارداد کے متن میں جو مطالبہ دو ٹوک اور فوری نوعیت کا شامل کیا گیا ہے وہ اسرائیلی یرغمالیوں کی فوری رہائی اور حماس کے مکمل خاتمے سے متعلق ہے۔ یورپی پارلیمنٹ کی یہ تازہ قرارداد یورپی یونین کے دیگر اداروں، یورپی یونین کے ارکان ملکوں، اسرائیلی حکومت، اقوام متحدہ اور مصر کو بھیجی جائے گی۔