پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کے زیرِ اہتمام نابینا شطرنج کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں کے لیے تیار کرنے اور پاکستان میں آئی بی سی اے ایشین انفرادی شطرنج چیمپئن شپ 2026 کے انعقاد کے سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ چیئرمین مہاجر اتحاد تحریک ڈاکٹر سلیم حیدر نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں سندھ اسپورٹس کمپلیکس میں تربیتی کیمپ کا دورہ کیا، جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال سے فیڈریشن کے عہدیداران کی ملاقات بھی ہوئی۔ دوسری جانب فرحان خان یوسفزئی کو آئی بی سی اے ایشین انفرادی شطرنج چیمپئن شپ 2026 کا ایونٹ کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر کاشف زئی، ایڈووکیٹ طارق، فرحان خان یوسفزئی، پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کے صدر محمد وقاص، جنرل سیکریٹری خرم شیخ اور فنانس سیکریٹری شرجیل خان بھی موجود تھے
ڈاکٹر سلیم حیدر نے کھلاڑیوں کی محنت، عزم، حوصلے اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی ملک کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں۔ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی اور سرپرستی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ یہ کھلاڑی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔ دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال نے آل پاکستان بلائنڈ فیڈریشن کے صدر، دیگر عہدیداران اور ممبران سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نابینا کھلاڑیوں کی کھیلوں کے میدان میں حوصلہ افزائی، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔اس موقع پر انتظامی یونٹس کمیٹی کے مرکزی ذمہ دار منہاج قاضی، گلستانِ جوہر ٹاؤن کے نگراں انچارج فواد شہروز، صبور سلیم اور گلستانِ جوہر ٹاؤن کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
دریں اثناپاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن نے فرحان خان یوسفزئی کو چیمپئن شپ کا ایونٹ کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا ہے۔ یہ چیمپئن شپ پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کے زیرِ اہتمام کراچی میں منعقد ہوگی۔ فرحان خان یوسفزئی چیمپئن شپ کے انتظامی، تنظیمی اور مجموعی امور کی نگرانی کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ فیڈریشن، آرگنائزنگ کمیٹی، شریک ممالک کے وفود، آفیشلز اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں گے۔ ان کی تقرری چیمپئن شپ کے اختتام تک مؤثر رہے گی۔
قبل ازیں فیڈریشن کی کھلاڑیوں اور اور آفیشل کی فہرست جار کردی ہے جس کے مطابق کھلاڑیوں میں شکیلہ انجم، شہمیر خان، محمد وقاص، زینب نور، خبیب قمر، توصیف احمد، انیلہ شہزادی، راشد نثار، نایاب حسین بھٹہ، سغیر بخاری، ساحل بخاری، عامر اعجاز، خرم شیخ، اجیت کمار، اقصیٰ شیخ، لائقہ غزال اور محسن علی شامل ہیں۔فہرست میں نادر علی کو پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کا آفیشل، عرفان مناور کو کوآرڈینیٹر، عثمان سعید کو سیکریٹری بلائنڈ ٹینس اور عثمان افضل کو سینئر نائب صدر ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ محمد وقاص فیڈریشن کے صدر کی حیثیت سے بھی شامل ہیں۔چیمپئن شپ میں ایران، بنگلہ دیش، نیپال، بحرین، پاکستان اور ازبکستان سمیت ایشیائی ممالک کے کھلاڑیوں اور وفود کی شرکت متوقع ہے۔