امیگریشن حیثیت پررہائشی امداد بند کرنے کا فیصلہ، نیویارک سٹی عدالت پہنچ گیا
سان فرانسسکو(نیوزڈیسک)نیویارک میں ہزاروں تارکینِ وطن خاندانوں کے گھروں کو خطرہ، میئر زوہران ممدانی نے وفاقی حکومت کے نئے ہاؤسنگ ضابطے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا۔ نئے قانون کے تحت مختلف امیگریشن حیثیت رکھنے والے ایک ہی خاندان کے افراد کی رہائشی امداد متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے اعلان کیا ہے کہ شہر سان فرانسسکو کی قیادت میں قائم قومی اتحاد میں شامل ہوکر وفاقی حکومت کے خلاف قانونی کارروائی کررہا ہے۔اس اتحاد میں مختلف امریکی شہر، کاؤنٹیز اور ہاؤسنگ ادارے شامل ہیں، جو نئے وفاقی ضابطے کو چیلنج کررہے ہیں۔
امریکی محکمہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ نے 12 نومبر 2026 کو نئے ضابطے کو حتمی شکل دی تھی، جس کے تحت ایسے خاندانوں کی رہائشی امداد ختم ہوسکتی ہے جن کے بعض افراد اپنی امیگریشن حیثیت کی وجہ سے وفاقی امداد کے اہل نہیں، جبکہ خاندان کے دیگر افراد اس سہولت کے اہل ہیں۔واضح رہے کہ 1988 سے جاری پالیسی کے تحت ایسے خاندانوں کو اہل افراد کی تعداد کے تناسب سے رہائشی سبسڈی فراہم کی جاتی رہی ہے، جبکہ غیر اہل افراد کرائے کا اپنا حصہ خود ادا کرتے ہیں۔تاہم نئے ضابطے سے یہ سہولت متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں ایک ہی گھر میں رہنے والے خاندانوں کو رہائشی امداد سے محرومی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
مجوزہ تبدیلی سے پبلک ہاؤسنگ اور سیکشن 8 سمیت وفاقی رہائشی امداد کے مختلف پروگرام متاثر ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مقامی ہاؤسنگ اداروں پر اضافی انتظامی ذمہ داریاں اور مالی اخراجات بھی بڑھنے کا امکان ہے۔میئر زوہران ممدانی کا کہنا ہے کہ نیویارک سٹی خاندانوں کو بے گھر ہونے سے بچانے اور ان کے رہائشی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔نیویارک سٹی کے کارپوریشن کونسل اسٹیون بینکس کے مطابق نئے ضابطے کے نتیجے میں بعض والدین کو اپنے خاندان کے ساتھ رہنے یا بچوں کی رہائشی امداد برقرار رکھنے میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑسکتا ہے۔
دوسری جانب نیویارک سٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ وفاقی حکومت کا نیا ضابطہ تاحال نافذ نہیں ہوا۔ اس لیے متاثر ہونے کے خدشے سے دوچار خاندان قانونی رہنمائی کے لیے لیگل ایڈ سوسائٹی کے پبلک ہاؤسنگ یونٹ سے 212-558-6282 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔نیویارک کے رہائشی ٹیننٹ ہیلپ لائن کے لیے 311 پر کال کرکے بھی رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔