نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے شہر کے ایئرپورٹس پر ٹیکسی ڈرائیورز کو علاج معالجے کی سہولت دینے کے لیے "ڈرائیور ہیلتھ ہبز” شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ڈرائیورز کو یہ سہولت اسی جگہ ملے گی جہاں وہ مسافروں کے انتظار میں گھنٹوں گزارتے ہیں۔
جے ایف کے اور لاگارڈیا ایئرپورٹس پر قائم ہونے والے ان ہبز میں ڈرائیورز کو بیماریوں کی ابتدائی جانچ، ہیلتھ انشورنس اور اسنیپ میں اندراج کے لیے مدد اور ڈاکٹر سے اپائنٹمنٹ کی سہولت ملے گی۔ ٹیکسی ڈرائیورز ان ایئرپورٹس پر روزانہ تقریباً 34 ہزار مسافروں کو لیتے ہیں۔ میئر ممدانی کا کہنا ہے کہ ڈرائیورز کے اوقات کار طویل اور غیر یقینی ہوتے ہیں، جس کے باعث انہیں باقاعدہ طبی معائنے کے لیے وقت نہیں ملتا، اور اب انہیں روزگار اور علاج میں سے کسی ایک کا انتخاب نہیں کرنا پڑے گا۔ یہ منصوبہ ٹیکسی اینڈ لیموزین کمیشن، میٹرو پلس ہیلتھ اور پورٹ اتھارٹی آف نیویارک اینڈ نیو جرسی کی شراکت سے شروع کیا جا رہا ہے۔ پہلا ہیلتھ ہب پیر 23 نومبر کو جے ایف کے پر صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے گا۔