vosa.tv
Voice of South Asia!

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے نئے دور کا آغاز

0

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے 23 نومبر کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوں گے۔ اس سلسلے میں ترکیہ کا اعلیٰ سطحی عدالتی وفد 23 سے 27 نومبر تک پاکستان کا دورہ کرے گا۔

ترکیہ کی کورٹ آف کیسیشن کے صدر عمر کرکیز وفد کی قیادت کریں گے، جس میں اعلیٰ عدالتی حکام اور ججز شامل ہوں گے۔ مفاہمتی یادداشت کا مقصد دونوں ممالک کی اعلیٰ عدالتوں کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانا اور عدالتی نظام میں بہترین طریقۂ کار کو فروغ دینا ہے۔معاہدے کے تحت عدالتی وفود اور ججز کے تبادلوں، پیشہ ورانہ تربیت، تعلیمی پروگراموں اور ضلعی عدلیہ کی استعداد بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔ عدالتی امور میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مقدمات کی مؤثر نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی تعاون ہوگا۔دورے کے دوران ترک وفد پاکستانی عدالتی اور قانونی اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کرے گا، جبکہ ٹیکسلا، فیصل مسجد اسلام آباد اور لاہور کے تاریخی مقامات کا دورہ بھی پروگرام میں شامل ہے۔مفاہمتی یادداشت کی تقریب میں سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت کے ججز، ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان، وفاقی وزیر قانون، اٹارنی جنرل اور دیگر اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے۔ اس تعاون کا مقصد انصاف کی فراہمی میں شفافیت، مؤثریت اور عوامی رسائی کو بہتر بنانا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.