سعودی عرب کے مکہ کلاک ٹاور نے دو نئے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔ رائل کمیشن برائے مکہ مکرمہ و مشاعر مقدسہ کو دنیا کے بلند ترین انڈور میوزیم اور بلند ترین آؤٹ ڈور آبزرویشن ڈیک کے سرٹیفکیٹس جاری کر دیے گئے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مکہ کلاک ٹاور میوزیم سطح زمین سے 426 اعشاریہ 875 میٹر کی بلندی پر واقع ہے، جسے کسی عمارت میں قائم دنیا کا بلند ترین میوزیم قرار دیا گیا ہے۔ جبکہ ٹاور میں 560 اعشاریہ 875 میٹر کی بلندی پر موجود کھلا مشاہداتی پلیٹ فارم دنیا کا بلند ترین آؤٹ ڈور آبزرویشن ڈیک بن گیا ہے، جہاں سے زائرین مسجد الحرام اور شہر مکہ کا نظارہ کر سکتے ہیں۔مکہ کلاک ٹاور میوزیم مئی 2019 میں عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔ اس کی نمائش گاہوں میں کائنات، کہکشاؤں، وقت کی پیمائش کی تاریخ اور مکہ کلاک کی تیاری سے متعلق معلومات پیش کی گئی ہیں۔601 میٹر بلند مکہ کلاک ٹاور 2012 میں مکمل ہوا تھا اور ابراج البیت کمپلیکس کا مرکزی حصہ ہے۔ نئے عالمی ریکارڈز کو مکہ مکرمہ کی سیاحتی اور ثقافتی اہمیت اجاگر کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔