نیوجرسی:میمن ایسوسی ایشن کا نوجوانوں کے لیے اسکالرشپ کا اعلان
نیوجرسی میمن ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام سالانہ جنرل باڈی میٹنگ اور اسپورٹس ایوارڈکی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں میمن پریمئر لیگ کی فاتح ٹیموں کو ٹرافی، کھلاڑیوں کو میڈلز جبکہ ٹیم اونرز اور اسپانسرز کو انعامات سے نواز گیا ۔
نیوجرسی میمن ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اسپورٹس ایوارڈ کی تقسیم اور سالانہ جنرل باڈی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں میمن کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی ، تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔ تقریب کی نظامت عمران ایسانی کر رہے تھے جنھوں نے نیو جرسی میمن ایسوسی ایشن اور مہمانوں کا تعارف کرایا، تنظیم کے قیام کے اغراض و مقاصد بیان کیے ۔
جنرل باڈی میٹنگ سیشن میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے نیوجرسی میمن ایسو سی ایشن کے صدر ڈاکٹرعبد الباسط گابا نے نوجوان نسل کےاسکالر شپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا،ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کا فروغ، ایک دوسرے کی مدد او ر تعاون کے بغیر کمیونٹی کو مضبوط و مستحکم نہیں بنایا جاسکتا، ممبران کو چاہیے کہ وہ ماہانہ بنیاد پرکم از کم 10ڈالر کا عطیہ ضرور دیں۔تقریب میں میمن کمیونٹی کی کاروباری اور سماجی حلقوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ ڈاکٹر عبد الباسط گاباکا مزید کہناتھا کہ دنیا وی امور کے ساتھ ساتھ آخرت کی تیاری بھی کرنی چاہیے، وہی اصل زندگی ہے۔
تقریب کے اگلے حصے میں ایسو سی ایشن میں وومن ونگ کی سربراہ آمنہ پٹیل کاکہنا تھا کہ ہر مہینے خواتین کے لیے مختلف سرگرمیاں منعقد کرتے ہیں ،اس موقع میمن پریمئر لیگ میں خواتین کرکٹ ٹیم کی اسپانسرز اترانی فیملی کی طرف سے فاتح ٹیم اسپرٹ وارئیرز کو ٹرافی دی گئی جبکہ نمایاں کھلاڑیوں کو میڈل پہنائے گئے۔ کڈز باسکٹ بال ٹورنامنٹ میں رائزنگ اسٹارز جبکہ یوتھ باسکٹ بال میں پینتھرز ایلائٹ فاتح قرار پائی۔حاجی بھائی، اقبال بھائی اور عرفان بھائی نے فاتح ٹیم کے کپتان اور کھلاڑیوں کو چیمپئن ٹرافی، میڈل اور انعامات دیے۔
تقریب میں ایسو سی ایشن ممبران اپنی فیملی کے ہمراہ شریک ہوئے۔ اس موقع پر آئندہ ماہ دسمبر میں ہونے والے ایم پی ایل یو ایس اے روڈ شو کا بھی اعلان کیا گیا، شرکا سے خطاب میں جواد لاکھانی نے روڈ شو کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر نیوجرسی میمن ایسو سی ایشن نے کمیونٹی کی بہتری اور ترقی میں تعاون پر اپنے تمام اسپانسرز سے اظہار تشکر کیا ۔محمد عرفان نے گرینڈ اسپانسر کے لیے جاوید بھائی، پلاٹینیئم اسپانسر کے لیے یوبی، گولڈ اسپانسر کے لیے اقبال بھائی، سلور اسپانسر کے لیے فاروق بھائی،برونز اسپانسر کے لیے سعد آدمانی کو انعامات پیش کیے۔
میمن پریمیر لیگ میں عمران میورکز، سلطان ٹائیگرز اور عرفان اسٹرائیکرز کی ٹیموں کے اونرز کو بھی ایوارڈ دیے گئے۔چیمپئن شپ ٹرافی عرفان اسٹرئیکرز نے اپنے نام کرلی۔تقریب کے اختتام سے قبل موسیقی کی محفل بھی سجی جس میں گولڈن جوبلی انٹر ٹینمنٹ نے مختلف گیت پیش کرکے تقریب لطف دوبالا کردیا۔