نیویارک(نیوزڈیسک) امریکی حکومت نے بچوں کی ابتدائی تعلیم کے اہم پروگرام ہیڈ اسٹارٹ میں ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات سے متعلق کئی وفاقی شرائط ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے مقامی اداروں کو اخراجات اور تنخواہوں کے تعین میں زیادہ آزادی ملے گی، تاہم تعلیمی تنظیموں نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
امریکہ میں بچوں کی ابتدائی تعلیم کے پروگرام ہیڈ اسٹارٹ کے قواعد میں بڑی تبدیلی کر دی گئی ۔ایڈمنسٹریشن فار چلڈرن اینڈ فیملیز کے مطابق، نئے فیصلے کے تحت ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات سے متعلق متعدد لازمی وفاقی شرائط ختم کر دی گئی ہیں۔اب مقامی اداروں کے لیے ملازمین کی یکساں تنخواہی اسکیل مقرر کرنا، سرکاری پری اسکول اساتذہ کے برابر تنخواہیں دینا اور عملے کو بنیادی ضروریات پوری کرنے کے قابل کم از کم اجرت فراہم کرنا لازمی نہیں ہوگا۔اس کے علاوہ مختلف ہیڈ اسٹارٹ مراکز کے ملازمین کی تنخواہوں میں برابری اور مخصوص مراعات دینے کی شرائط بھی ختم کر دی گئی ہیں۔
امریکی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ 2024 میں متعارف کرائے گئے یہ قواعد ہیڈ اسٹارٹ ایکٹ کی اصل دفعات سے مطابقت نہیں رکھتے تھے اور مقامی اداروں پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہے تھے۔حکومت کے اندازے کے مطابق، ان تبدیلیوں سے مستقبل میں پروگرام کو 2 ارب ڈالر سے زائد کی بچت ہو سکتی ہے۔تاہم نیشنل ایجوکیشن ایسوسی ایشن اور نیشنل ایسوسی ایشن فار دی ایجوکیشن آف ینگ چلڈرن سمیت کئی تعلیمی تنظیموں نے اس فیصلے پر تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ کم تنخواہیں پہلے ہی اساتذہ کی کمی اور کئی کلاس رومز کی بندش کا سبب بن رہی ہیں۔ اگر تنخواہوں کے معیار ختم کیے گئے تو مزید ملازمین نوکری چھوڑ سکتے ہیں، جس سے بچوں کی تعلیم کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔نئے وفاقی ضابطے کا اطلاق 15 جنوری 2027 سے ہوگا۔