شکاگومیں ووکیشنل ٹریننگ کی تقریب،95ویں اور100ویں بیچ کے طلبہ میں اسناد تقسیم
شکا گو (نیوزڈیسک)امریکی شہر شکاگو میں گریٹر ویسٹ ٹاؤن کمیونٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے زیرِ اہتمام ووکیشنل ٹریننگ کی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی، جس میں شپنگ اینڈ ریسیونگ کے 95ویں اور ووڈ ورکنگ کے 100ویں تربیتی بیچ کے طلبہ کو کامیابی سے کورس مکمل کرنے پر اسناد پیش کی گئیں۔
امریکی ریاست الینوائے کے شہر شکاگو میں جمعہ 13 نومبر کو گریٹر ویسٹ ٹاؤن کمیونٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے زیرِ اہتمام ووکیشنل ٹریننگ کی گریجویشن تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں شپنگ اینڈ ریسیونگ کے 95ویں اور ووڈ ورکنگ کے 100ویں تربیتی بیچ کے کامیاب طلبہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر پاکستانی نژاد امریکی شخصیت اور بولنگ بروک کے پولیس اینڈ فائر کمشنر بورڈ کے رکن طلعت رشید نے بھی شرکت کی۔
تقریب کا آغاز رکی وائٹ کے خیرمقدمی کلمات سے ہوا، جبکہ ووڈ ورکنگ پروگرام سے وابستہ جان گرین نے استقبالیہ خطاب کیا۔ اس موقع پر ادارے کے اساتذہ اور تربیتی عملے نے بھی شرکت کی اور کامیاب طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔تقریب میں مِریاہ سمنز نے اظہارِ تشکر کیا، جبکہ سرجیو براکی نے اختتامی کلمات ادا کیے۔اس موقع پر تربیت مکمل کرنے والے طلبہ کی کامیابی کو سراہا گیا اور اسے ان کی پیشہ ورانہ زندگی کے ایک نئے سفر کا آغاز قرار دیا گیا۔گریٹر ویسٹ ٹاؤن کمیونٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ شکاگو کا ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے، جو 1988 سے مقامی آبادی کو تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
ادارے کا خاص مقصد کم آمدنی والے علاقوں کے رہائشیوں کو ایسی عملی مہارتیں سکھانا ہے جن کی مدد سے وہ اچھی ملازمت حاصل کر سکیں اور اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔ادارے کے شپنگ اینڈ ریسیونگ پروگرام میں طلبہ کو 12 ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر 380 گھنٹوں کی تربیت دی جاتی ہے۔اس کورس میں گوداموں میں کام کرنے، سامان کی وصولی اور ترسیل، اسٹاک کا حساب رکھنے، فورک لفٹ چلانے، کمپیوٹر کے ذریعے گودام کا ریکارڈ سنبھالنے اور حفاظتی اصولوں کی تعلیم دی جاتی ہے۔دوسری جانب ووڈ ورکنگ کا کورس 15 ہفتوں اور 450 گھنٹوں پر مشتمل ہے، جس میں طلبہ کو لکڑی سے مختلف اشیا تیار کرنے، مشینیں استعمال کرنے، پیمائش کرنے اور دیگر فنی کاموں کی عملی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔
ادارے کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں طلبہ کو صرف ہنر ہی نہیں سکھایا جاتا بلکہ ملازمت تلاش کرنے، انٹرویو دینے اور کام کی جگہ پر بہتر انداز میں ذمہ داریاں نبھانے کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔اس کے علاوہ مقامی کمپنیوں اور کاروباری اداروں کے ساتھ رابطوں کے ذریعے تربیت مکمل کرنے والے افراد کو ملازمت کے مواقع تک پہنچانے میں بھی مدد فراہم کی جاتی ہے۔ادارے کے یہ پروگرام خاص طور پر ان افراد کے لیے اہم ہیں جو بہتر روزگار حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن مناسب فنی مہارت یا تربیت نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔تقریب کے دوران کامیاب طلبہ کے ناموں کا اعلان کیا گیا اور انہیں اسناد پیش کی گئیں، جبکہ پروگرام کے اختتام پر شرکا کے لیے مشترکہ کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔