vosa.tv
Voice of South Asia!

ٹرمپ کی پناہ گزینوں سے متعلق سخت امیگریشن پالیسی سپریم کورٹ میں چیلنج

0

میکسیکو(نیوزڈیسک)امریکا میکسیکو سرحد پر سیاسی پناہ کی درخواستوں پر پابندی کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے والے تارکینِ وطن کو پناہ کی درخواست دینے سے روکنے کی پالیسی کی قانونی حیثیت کا جائزہ لینے کے لیے عدالت نے سماعت کا فیصلہ کرلیا۔
امریکی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پناہ گزینوں سے متعلق سخت امیگریشن پابندیوں کی قانونی حیثیت کا جائزہ لینے پر اتفاق کرلیا ہے۔ یہ پابندیاں امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر سیاسی پناہ کی درخواستوں تک رسائی محدود کرتی ہیں۔عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کی اپیل سماعت کے لیے منظور کی ہے۔ اس سے قبل ماتحت عدالت نے فیصلہ دیا تھا کہ انتظامیہ غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے والے تارکینِ وطن کو سیاسی پناہ کی درخواست دینے سے روک کر اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہی ہے۔

ٹرمپ نے 20 جنوری 2025 کو اپنی دوسری صدارتی مدت کے آغاز پر ان پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔ پالیسی کے تحت جنوبی سرحد غیر قانونی طور پر عبور کرتے ہوئے پکڑے جانے والے تارکینِ وطن سیاسی پناہ کی درخواست نہیں دے سکتے۔ بعض سرکاری سرحدی راستوں سے آنے والوں پر بھی مخصوص طبی اور مجرمانہ ریکارڈ کی معلومات فراہم نہ کرنے کی صورت میں پابندی عائد ہوتی ہے۔تارکینِ وطن کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے اس پالیسی کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ ان کا مؤقف ہے کہ متاثرہ افراد کو ملک بدر کرنے سے پہلے یہ جانچنے کا موقع بھی نہیں دیا گیا کہ آیا انہیں اپنے آبائی ملک میں ظلم و ستم کا سامنا ہوسکتا ہے۔

سپریم کورٹ آئندہ چند ماہ میں فریقین کے دلائل سنے گی اور جون کے اختتام تک فیصلہ متوقع ہے۔ عدالت کا فیصلہ ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن پالیسی اور امریکا میں سیاسی پناہ کے طریقہ کار پر اہم اثرات مرتب کرسکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.