سعودی عرب میں محفل ہزارہ کلچرل نائٹ کا انعقاد، پاکستانی ثقافت کے رنگ بکھر گئے
سعودی عرب میں پاکستانی ثقافت اور موسیقی کے رنگوں سے سجی محفل ہزارہ کلچرل نائٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں پاکستانی مرد و خواتین نے شرکت کی , پاکستان سے آئے ہوئے معروف گلوکار بشیر گجر سمیت مقامی فنکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا، جبکہ فوک گیتوں کی دھنوں پر نوجوان جھوم اٹھے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ محفل ہزارہ کلچرل نائٹ میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب کے دوران بچوں نے پاکستان کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ثقافتی رنگوں کو خوبصورت انداز میں پیش کیا، جسے شرکاء نے بھرپور سراہا۔میوزیکل نائٹ میں پاکستان سے خصوصی طور پر تشریف لائے ہزارہ کے معروف گلوکار بشیر گجر نے اپنے روایتی فوک گیتوں سے محفل کو چار چاند لگا دیے ان کی پرفارمنس پر نوجوان جھوم اٹھے اس موقع پر مقامی گلوکار اعجاز تنولی اور گلوکارہ حباء نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔تقریب کے آرگنائزر محمد افضل کا کہنا تھا کہ پاکستان کے علاقائی ثقافتی رنگ اور موسیقی بیرون ملک ہماری منفرد پہچان ہیں۔ اسی جذبے کے تحت محفل ہزارہ کلچرل نائٹ کا اہتمام کیا گیا تاکہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو اپنی ثقافت سے جوڑنے کے ساتھ پاکستان کے خوبصورت ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی ایسے ثقافتی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا