ٹیکساس: شدید بارشوں اورسیلابی صورتحال کا الرٹ جاری
ٹیکساس(نیوزڈیسک)امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے مغربی علاقوں میں شدید بارشوں اور متوقع سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر، ہیوسٹن میں قائم متحدہ عرب امارات کے قونصلیٹ نے امریکہ میں مقیم اور موجود تمام اماراتی شہریوں کے لیے اہم سفری اور حفاظتی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اماراتی حکام نے شہریوں کو مقامی انتظامیہ کی ہدایت پر عمل کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔قونصلیٹ نے ایمرجنسی کی صورتِ حال میں فوری رابطہ قائم کرنے کے لیے ہاٹ لائن نمبرز جاری کیے ہیں، جبکہ تمام اماراتی شہریوں کو وزارتِ خارجہ کی آفیشل تواجد کی سروس میں خود کو فوری طور پر رجسٹرڈ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔امریکی نیشنل ویدر سروس نے مغربی ٹیکساس کی مڈلینڈاور ایکٹرکاؤنٹیز کے لیے فلش فلڈ کی باضابطہ وارننگ جاری کی ہے۔ کئی علاقوں میں ایک سے ڈیڑھ انچ تک بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جس سے مقامی سڑکیں اور نچلے علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ تیز بارشوں اور طوفانِ باد و باراں کے باعث 1 سے 3 انچ تک مزید بارش ہو سکتی ہے، جس سے دریاؤں، ندی نالوں اور کمزور ڈرینیج سسٹم والے علاقوں میں سیلابی صورتِ حال خطرناک رخ اختیار کر سکتی ہے۔