نیویارک میں مسلم آفیسرزسوسائٹی کا18واں سالانہ اسکالرشپ ایوارڈ ڈنر
نیویارک(نیوزڈیسک) پولیس ڈیپارٹمنٹ کی مسلم آفیسرز سوسائٹی کے زیر اہتمام اٹھارویں سالانہ اسکالرشپ ایوارڈ ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں پولیس افسران کو ایوارڈ اور مسلم طلبہ کواسکالرشپس دی گئیں ۔
نیویارک سٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ کی مسلم آفیسرزسوسائٹی کے زیراہتمام کوئنز کے مقامی ریسٹورانٹ میں منعقد 18 ویں سالانہ اسکالر شپ ایوارڈ ڈنرکا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اورامریکی قومی ترانےسے کیا گیا،جس کے بعد چیپلن امام طاہر نے دعا بھی کرائی ۔
سالانہ اسکالرشپ ایوارڈ ڈنرمیں پولیس کمشنرجیسیکا ٹش سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے۔حاضرین سے خطاب میں کمشنر جیسیکا ٹش نے دورانِ ڈیوٹی جاں بحق ہونےو الے بنگلہ دیشی نژاد ڈیٹیکٹیو دیدار السلام کو خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ مسلم افسران کی ڈیپارٹمنٹ اور شہر کے لیے خدمات کو سراہا۔تقریب میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ میں تعینات کمانڈنگ آفیسر، پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹراورایم او ایس کے سابق صدرعدیل رانا سمیت تنظیم کے ممبران اور ان کے اہل خانہ نے کثیر تعداد میں شر کت کی ۔شرکا سے خطاب میں مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر کیپٹن وحید اختر نے تمام مہمانوں کی آمد پر ان کا خیر مقدم کیا اور تنظیم کے قیام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔
سالانہ ایوارڈ ڈنرمیں نیویارک میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل عامراحمد اتوزئی،سعودی عربیہ کے ڈپٹی قونصل جنرل عبدلاللہ الفضان، قطر کے قونصلر عبد العزیزالمحمودی اور ترکیہ قونصلیٹ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پراین وائے پی ڈی کے کمیونٹی افیئرز بیورو کی اسسٹنٹ چیف وکٹوریہ پیری نے بھی اظہارِخیال کیا۔سالانہ ایوارڈ ڈنر میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف تنظیموں کےممبران سمیت کمیونٹی کی نمایاں شخصیات بھی شریک ہوئیں۔تقریب کے اختتام سے قبل مسلم آفیسرسوسائٹی نےنیویارک پولیس کے اعلیٰ افسران،تنظیم کے ممبران کو ایوارڈ ز پیش کیے اورمسلمان طلبہ کو اسکالر شپ سے نوازا گیا جبکہ شرکا کو قرعہ اندازی کے ذریعے مختلف انعامات بھی دیے گئے ۔
تقریب کے شرکا ٗ کو محظوظ کرنے کے لیےعربی ثقافتی رقص کابھی شاندار مظاہرہ کیا گیا جسے حاضرین نے خوب سراہا۔