آل اباؤٹ یوایس اے نےآن لائن ووٹرگائیڈ متعارف کرادی
نیویارک(نیوزڈیسک)امریکا میں ہونے والے مڈ ٹرم الیکشن کے لیےنیویار ک میں ووٹر رجسٹریشن کی کا عمل کل ختم ہوجائے گا اور ارلی ووٹنگ شروع ہوجائے گی۔آل آباوٹ یو ایس اے نے شہری آگہی پروگرام کے تحت لیٹس ووٹ این وائے سی کے نام سے آن لائن ووٹر گائیڈ متعارف کرادی ہے۔
انتخابی عمل،ووٹررجسٹریشن اور شہری حقوق سے متعلق قابلِ اعتماد معلومات کمیونٹی تک پہنچانے کے لیے آل اباؤٹ یو ایس اے نے اپنے شہری آگاہی اور عوامی شرکت کے پروگرام کے تحت لیٹس ووٹ این وائے سی کے نام سے ایک آن لائن ووٹر گائیڈ متعارف کرائی ہے۔
آل اباؤٹ یو ایس اے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پاکستانی امریکن کمیونٹی سمیت تمام اہل شہریوں کو امریکی جمہوری اور شہری نظام سے زیادہ مؤثر انداز میں جوڑنا، انتخابی عمل کے بارے میں آگاہی بڑھانا اور عوامی معاملات میں باخبر شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔اس گائیڈ کے ذریعے ووٹرز کو رجسٹریشن، ووٹ ڈالنے کے طریقے،اہم انتخابی تاریخوں، پولنگ مقامات اور ووٹر حقوق سے متعلق معلومات ایک جگہ فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے،تاکہ شہری بروقت تیاری کر سکیں اور انتخابی عمل میں اپنی شرکت یقینی بنا سکیں۔تنظیم کے وسیع تر شہری آگاہی پروگرام کا مقصد صرف انتخابات کے بارے میں معلومات فراہم کرنا نہیں، بلکہ کمیونٹی کو یہ سمجھنے میں بھی مدد دینا ہے کہ امریکی شہری نظام کس طرح کام کرتا ہے۔
مقامی حکومت، ریاستی حکومت اور وفاقی حکومت کے اختیارات اور ذمہ داریاں کیا ہیں اور شہری اپنے حقوق، دستیاب سہولتوں اور قانونی طریقۂ کار سے کس طرح فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔آل اباؤٹ یو ایس اے کے مطابق،امریکی جمہوری نظام میں مؤثر شرکت کے لیے صرف ووٹ ڈالنا ہی اہم نہیں، بلکہ شہریوں کا اپنے حقوق،ذمہ داریوں اور حکومتی اداروں کے کام سے واقف ہونا بھی ضروری ہے۔باخبر شہری انتخابات میں حصہ لینے کے ساتھ اپنے محلوں، شہروں اور ریاستوں کے معاملات میں بھی اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔یہی آگاہی کمیونٹی کو عوامی مسائل کی نشاندہی، دستیاب وسائل تک رسائی اور اجتماعی مسائل کے حل میں مدد دے سکتی ہے۔