سعودی عرب میں پاکستانی ننھے فٹبالر غازی عبدالستار خان سیمی فائنل میں پہنچ گئے
جدہ (رپورٹ): سعودی عرب میں بچوں کے آن لائن فٹبال مقابلے میں پاکستانی ننھے فٹبالر غازی عبدالستار خان نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ ان کی کامیابی پر پاکستانی کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں سے انہیں ووٹ دے کر فائنل تک پہنچانے کی اپیل کی گئی ہے۔
چار کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل مرحلے میں غازی عبدالستار خان واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں۔ ان کے مدمقابل تین عرب فٹبالر بچے سمیر یاسر، شیم خالد اور غیاث یحییٰ ہیں۔مقابلے کے سیمی فائنل کے لیے آن لائن ووٹنگ منگل، 20 اکتوبر کو سعودی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگی اور اگلے 24 گھنٹے جاری رہے گی۔غازی کی حمایت کے لیے ووٹرز کو تین مراحل مکمل کرنا ہوں گے۔ ان میں مقابلے کے سرکاری انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری پر ووٹ دینا، مخصوص ٹک ٹاک ویڈیو پر غازی کے حق میں ووٹ دینا اور اسی ویڈیو کے تبصروں میں ان کا نام لکھنا شامل ہے۔سعودی عرب، پاکستان، متحدہ عرب امارات، امریکا اور دنیا کے دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس ہونہار بچے کی بھرپور حمایت کریں اور ووٹنگ سے متعلق پیغام اپنے دوستوں، رشتہ داروں اور سوشل میڈیا گروپس میں زیادہ سے زیادہ شیئر کریں۔پاکستانی کمیونٹی کی اجتماعی حمایت غازی عبدالستار خان کے فائنل تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے اور انہیں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا موقع مل سکتا ہے۔