ٹام سوازی کا دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف
نیویارک(نیوزڈسیک) امریکی کانگریس مین ٹام سوازی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرلیا۔ کہا پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ وہ اے پی پیک کے چیئر مین ڈاکٹر اعجاز احمد کی نیویارک میں رہائش گاہ پر منعقدہ میٹ اینڈ گریٹ سےخطاب کر رہے تھے ۔
امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کوسیاسی اورانتخابی عمل کی طرف راغب کرنے میں پیش پیش امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کے زیر اہتمام کانگریس مین اور کانگریشنل پاکستانی کاکس کے کو چیئر،ٹام سوازی کے اعزاز میں چیئر مین ڈاکٹر اعجاز احمد کی رہائش گاہ پر منعقدہ میٹ اینڈ گریٹ کا اہتمام کیا۔ڈاکٹراعجازاحمد نے ٹام سوازی کی آمد پر ان کا خیر مقدم کیا اورحال ہی میں تنظیم کےفاونڈنگ بورڈ ممبر طارق خان کےانتقال کو ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔
شرکا نے ٹام سوازی کا گرم جوشی سے استقبال کیا، گلدستے پیش کیے، اس موقع پر اے پی پیک کی پولیٹکل ایکشن کمیٹی کے صدر ڈاکٹر ہادی نے طارق خان کی کمیونٹی سروسز کوسراہا اوران کے لیےدعا کرائی۔میٹ اینڈ گریٹ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سیاسی ، سماجی اور کاروباری حلقوں سے نمایاں شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکا سے خطاب میں کانگریس مین ٹام سواز ی نے دہشت گردی کو سنگین مسئلہ قرار دیا۔ انھوں نے واضح کیا کہ امریکا پاکستان کی حکومت اور سیاست میں عسکری مداخلت کا حامی نہیں لیکن کسی بھی ایٹمی ملک کی فوج کامضبوط ومستحکم رہنا بہت ضروری ہے،محفوظ سرمایہ کاری کو یقینی بنانا ہوگا، معاشی،اقتصادی، زراعت اور سیاحتی شعبوں میں ترقی کے لیےسول حکومت میں بہتری لانی چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں ٹام سوازی کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین ہمیں معاشی اور عسکری میدان میں شکست نہیں دے سکتے ،وہ ہماری ڈائیورسٹی اور آزادی کو کمزوری سمجھتے ہیں، امریکا ہو یا پاکستان سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں نفرت پیدا کرکےانھیں تقسیم کرنے کی سازش کی جارہی ہے، اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔اے پی پیک کےصدر ڈاکٹر پرویز اقبال،بورڈ ممبران میں شامل مرزا خاور بیگ، اسد چودھری اور دیگر نے ٹام سوازی سےغزہ کی ازسرِنو تعمیر،پاک امریکا تعلقات، تارکینِ وطن اور پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل پرمختلف سوالات کیے ۔
اے پی پیک کے بورڈ ممبران کے سوالوں کےجواب میں ٹام سوازی نے ابراہم ایکارڈ کی حمایت کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا امریکا سمیت یورپ اور مسلم ممالک سب ہی غزہ کی تعمیرِ نو چاہتے ہیں تاکہ وہاں کے لوگ دوبارہ زندگی کے دھارے میں شامل ہوسکیں۔قبل ازیں اے پی پیک یوتھ ونگ سےعلی ملک،ارسل اعجاز،اریسہ اعجاز اور دیگر نےبھی اظہارِ خیال کیا۔میٹ اینٹ گریٹ کےدوران کانگریس مین ٹام سواز ی نے مہنگائی،غیر قانونی تارکینِ وطن ،جرائم، ہیلتھ کیئر اور دیگرکواہم مسئلہ قرار دیا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل بخوبی سمجھتا ہوں، الیکشن میں دوبارہ کامیاب ہوا تو مزید بہتر کام کروں گا۔