کینیڈامیں احبابِ جمعیت کایادگاراجتماع،ماضی کی یادیں تازہ،اسلامی جمعیت طلبہ کے لیےانڈومنٹ فنڈ قائم کرنےکااعلان
نیویارک (نیوزڈیسک)کینیڈا میں احبابِ جمعیت کے زیرِ اہتمام اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سابقین کا ایک یادگار اجتماع منعقد ہوا، جس میں شرکا نے ماضی کی یادیں تازہ کیں اور اسلامی تحریک سے اپنی وابستگی کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب میں پاکستان سے احبابِ جمعیت کے صدر اور معروف نیورولوجسٹ ڈاکٹر واسع شاکر، امریکہ سے احباب انٹرنیشنل کے انچارج اور سابق امیر آئی سی این اے ڈاکٹر محسن انصاری، جبکہ آئی سی این اے کینیڈا کے صدر اسامہ لبیب سمیت سابقینِ جمعیت کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔
شرکا نے اپنے دورِ طالب علمی کے واقعات، تنظیمی جدوجہد اور جمعیت کی تربیت کے اپنی عملی زندگیوں پر اثرات بیان کیے۔ اس موقع پر جمعیت کے ترانوں اور پُرجوش نعروں نے ماضی کی یادیں تازہ کردیں۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت سے وابستگی محض طالب علمی تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک فکری، نظریاتی اور دینی تعلق ہے جو زندگی بھر انسان کی رہنمائی کرتا ہے۔ تقریب کا اہم اعلان اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کی معاونت کے لیے انڈومنٹ فنڈ کے قیام سے متعلق تھا۔ ڈاکٹر واسع شاکر کے مطابق، اس فنڈ کا مقصد مستقل مالی وسائل پیدا کرکے جمعیت کی ضروریات اور سرگرمیوں میں معاونت فراہم کرنا ہے۔اجتماع کا اختتام محبت بھری ملاقاتوں، خوش گوار یادوں اور اسلامی تحریک کے ساتھ وابستگی برقرار رکھنے کے عزم پر ہوا۔