نیوجرسی میں سالانہ بسنت میلہ،آسمان پتنگوں سےسج گیا
نیویارک(نیوزڈیسک)ریاست نیوجرسی میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کاروباری وسماجی شخصیت ملک سلیمان نے اٹلانٹک سٹی میں سالانہ بسنت میلے کا اہتمام کیا۔آسمان منفرد ڈیزائن اوررنگ برنگی پتنگوں سےسج گیا۔
اٹلانٹک سٹی میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کاروباری و سماجی شخصیت ملک سلیمان کے زیر اہتمام اور ملٹی کلچرل ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سےمنعقدہ سالانہ بسنت میلےمیں آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے جگمگا اٹھا ۔فضا میں ایک کے بعد ایک خوبصورت اور منفرد ڈیزائن کی پتنگوں نے ایسا سماں باندھا کہ میلے کےشرکابے اختیار پتنگ بازی کی طرف متوجہ ہوگئے۔
نوجوانوں اور منچلوں کےساتھ خواتین، بچے اور بزرگ بھی بسنت کے رنگوں میں رنگے نظر آئے۔پاکستانی پرچم بھی فضا میں لہراتا دکھائی دیاجس نے تقریب کے ماحول کو مزید خوبصورت بنا دیا۔ معروف گلوکارہ صائمہ کاشف نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور خوبصورت گیتوں سے حاضرین کو محظوظ کیا۔بسنت میلے میں کمیونٹی رہنماؤں اورمختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔پاکستان سے آئی ہوئی صحافی نیئر علی نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔صحافی رہنماافضل بٹ نےملک سلیمان کی پاکستانی ثقافت اور کمیونٹی کو ایک جگہ جمع کرنے کی کاوش کو سراہا۔
میلےمیں اٹلانٹک سٹی کےملٹی کلچرل ڈیپارٹمنٹ کے حکام اور آفیشلز نے بھی شرکت کی۔مقررین کا کہنا تھا کہ ایسے ثقافتی میلے خوشیاں بانٹنے، مسکراہٹیں بکھیرنے اور مختلف ثقافتوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا ذریعہ ہیں۔امریکی حکام کی جانب سے تقریب کے منتظمین اور نمایاں شخصیات کوسائٹیشن بھی پیش کی گئیں۔خوشگوار موسم میں کھلے آسمان تلے منعقد اس میلے کوشرکا نے بھرپور انداز میں انجوائے کیا ۔آخر میں سب سے بڑی پتنگ اڑا کر بسنت میلہ اپنے اختتام کو پہنچا۔