ڈرائیورکے بغیرٹرکوں کے لیےامریکہ میں اہم پیش رفت
نیویارک(نیوزڈیسک)امریکا میں بغیر ڈرائیور چلنے والے ٹرکوں کے کمرشل استعمال کی راہ مزید ہموار ہوگئی ہے۔ امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ نے اورورا سمیت خودکار ٹرک کمپنیوں کو 5 سال کے لیے ایک اہم حفاظتی رعایت دے دی ہے۔
امریکی سڑکوں پر اب ایسے ٹرکوں کی تعداد بڑھنے کا امکان ہے جو بغیر کسی ڈرائیور کے چلتے ہیں۔امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کے نئے فیصلے کے تحت خودکار ٹرکوں کو سڑک پرخراب ہونے یا رکنے کی صورت میں روایتی عکاس مثلث یا دیگر وارننگ ڈیوائسز ٹرک کے باہر رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اس کے بجائے ٹرک کیبن پر نصب ہائی ویزیبلٹی وارننگز استعمال کی جاسکیں گی۔یہ وارننگز سڑک پر آنے والے دوسرے ڈرائیورز کو خبردار کریں گی کہ آگے ایک رکا ہوا ٹرک موجود ہے۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق یہ وارننگز موجودہ حفاظتی طریقہ کار کے برابر یا اس سے زیادہ تحفظ فراہم کرسکتی ہیں۔اس تبدیلی کا ایک اہم فائدہ یہ ہوگا کہ کسی ڈرائیور کو ٹرک سے باہر نکل کر سڑک پر وارننگ ڈیوائس رکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
تاہم اس رعایت سے فائدہ اٹھانے والی کمپنیوں کو کچھ شرائط بھی پوری کرنا ہوں گی۔کمپنیوں کو بیکنز کے استعمال سے پہلے متعلقہ وفاقی ادارے کو اطلاع دینا ہوگی، جبکہ بیکنز فعال ہونے کے دوران پیش آنے والے حادثات کی رپورٹ بھی کرنا ہوگی۔خودکار ٹرک کمپنی اورورا کے تقریباً 20 سیلف ڈرائیونگ ٹرک اس وقت سڑکوں پر آپریشنز میں ہیں۔
حکام کا یہ فیصلہ امریکا میں بغیر ڈرائیور کمرشل ٹرکوں کے استعمال کو مزید وسعت دینے کی جانب ایک اہم قدم سمجھا جارہا ہے۔یعنی مستقبل میں امریکی شاہراہوں پر ایسے کمرشل ٹرکوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے جنہیں چلانے کے لیے روایتی انسانی ڈرائیور کی ضرورت نہیں ہوگی، جبکہ نئی حفاظتی سہولت اس ٹیکنالوجی کے عملی استعمال کو مزید آسان بنا سکتی ہے۔