vosa.tv
Voice of South Asia!

گولڈی برارامریکہ میں ٹاپ10مطلوبہ افرادکی فہرست میں شامل،گرفتاری پر10لاکھ ڈالرانعام

0

نیویارک (نیوزڈیسک)امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے  ایف بی آئی نے بھارتی نژاد مطلوب شخص ستندر جیت سنگھ، المعروف گولڈی برار، کو اپنی  مطلوبہ افراد فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ ایف بی آئی نے اس کی گرفتاری کے لیے 10 لاکھ ڈالر تک انعام کا اعلان کیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق ستندر جیت سنگھ پر قتل، بھتہ خوری، منشیات کی مبینہ ترسیل اور دیگر وفاقی جرائم سے متعلق الزامات ہیں۔ ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ ستندر جیت سنگھ مبینہ طور پر لارنس بشنوئی آرگنائزڈ کرائم گروپ کا شمالی امریکا میں سربراہ ہے۔ایف بی آئی کے مطابق اس گروپ پر امریکا اور کینیڈا میں ٹارگٹ کلنگ، فائرنگ، قتل، اغوا، بھتہ خوری،حملوں اورمنشیات و ہتھیاروں کی مبینہ اسمگلنگ سمیت متعدد سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔

ستندر جیت سنگھ کے خلاف لاس اینجلس کی وفاقی عدالت میں آرآئی سی اوسازش، بھتہ خوری کے ذریعے تجارت میں مداخلت کی سازش اور کوشش، جبکہ منشیات کی تقسیم اور انہیں تقسیم کرنے کی نیت سے رکھنے کی سازش سمیت متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ایف بی آئی کے مطابق ستندر جیت سنگھ کو انتہائی خطرناک، مسلح اور پرتشدد شخص سمجھا جاتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ کیلیفورنیا اور کینیڈا کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر رہا ہے۔ ایف بی آئی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اِن چارج گرینڈی نے کہا کہ سنگھ کو گرفتار کرنا ادارے اور اس کے شراکت داروں کی ترجیحات میں شامل ہے، اسی لیے اسے امریکا کی دس انتہائی مطلوب مفرور افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

ایف بی آئی کے مطابق ستندر جیت سنگھ اس فہرست میں شامل ہونے والا 543واں شخص ہے۔ یہ فہرست 1950 میں شروع کی گئی تھی۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس ستندر جیت سنگھ کے بارے میں قابلِ اعتماد معلومات موجود ہوں تو وہ  ایف بی آئی کی ٹول فری ہیلپ لائن پر اطلاع دے سکتے ہیں، اپنے مقامی ایف بی آئی دفتر یا قریبی امریکی سفارت خانے/قونصل خانے سے رابطہ کر سکتے ہیں، یا ایف بی آئی کی آن لائن ٹِپ سروس کے ذریعے معلومات فراہم کر سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.