vosa.tv
Voice of South Asia!

شکاگو: بے گھر افراد کی مدد کے لیے چائی کیئر کی پانچ کلومیٹر واک،

0

شکاگو میں بے گھر افراد کی مدد اور ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے چائی کیئر کے زیر اہتمام تیسری سالانہ پانچ کلومیٹر واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں شکاگو اور مضافاتی علاقوں سے 1500 سے زائد افراد نے شرکت کی۔

مونٹروز ہاربر شکاگو میں ہونے والی واک میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ منتظمین کے مطابق رواں برس کی واک گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ بڑی رہی، جبکہ اس کا مقصد بے گھر افراد کے لیے فنڈز جمع کرنا تھا۔چائی کیئر کے صدر فرحان احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واک میں اٹھایا جانے والا ہر قدم بے گھر افراد کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لانے میں مددگار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واک سے حاصل ہونے والی آمدنی شکاگو میں بے گھر افراد کے لیے کھانے، صاف پینے کے پانی، طبی امداد اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی پر خرچ کی جاتی ہے۔فرحان احمد کے مطابق چائی کیئر 2020 سے شکاگو میں بے گھر افراد کی خدمت میں مصروف ہے اور تنظیم کی جانب سے روزانہ تقریباً ایک ہزار گرم کھانے فراہم کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تنظیم اب تک 12 لاکھ سے زائد کھانے فراہم کرچکی ہے۔تقریب کی نظامت ارجمند خان نے کی، جبکہ شکاگو کی میئر کی چیف آف اسٹاف کرسٹینا پیسیون زایاس نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور بے گھر افراد کی مدد کے لیے چائی کیئر کی کاوشوں کو سراہا۔الینوائے کے سیکریٹری آف اسٹیٹ الیکسی گیانولیاس نے بھی واک کے شرکا سے خطاب کیا۔ انہوں نے چائی کیئر کے رضاکاروں اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کمیونٹی کے لیے ان کی خدمات اور وابستگی کو سراہا۔ انہوں نے محروم طبقات کی مدد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تنظیم کو مشکل حالات میں ’’روشنی اور امید‘‘ کا ذریعہ قرار دیا۔چائی کیئر کے صدر فرحان احمد نے تنظیم کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک چھوٹے سے خواب سے شروع ہونے والا یہ مشن آج شکاگو میں بے گھر افراد کو خوراک، صاف پانی، طبی امداد اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے رضاکاروں، خاندان، بورڈ اراکین اور ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جو تنظیم کے مشن کے لیے ہفتے میں 40 گھنٹے سے زائد خدمات انجام دیتے ہیں۔منتظمین کے مطابق چائی کیئر مکمل طور پر رضاکارانہ کوششوں کے ذریعے کام کرتی ہے اور اسے شہر یا ریاستی فنڈنگ حاصل نہیں ہے۔ تنظیم کا بنیادی مقصد مقامی سطح پر ضرورت مند افراد کی مدد کرنا ہے۔پانچ کلومیٹر واک مکمل کرنے والے تمام شرکا میں میڈلز تقسیم کیے گئے، جبکہ تقریب کے اختتام پر شرکا کے لیے لنچ کا بھی اہتمام کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.