vosa.tv
Voice of South Asia!

بارش اور طوفانی موسم بھی مسلم ڈے پریڈ کا جذبہ نہ روک سکا

0

نیویارک میں سماجی  تنظیم کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن سمیت  مساجد، اسلامک  سینٹرز اور مسلم کمیونٹی  کی تنظیموں کے  زیر اہتمام  امریکی آزادی کے 250 سال  مکمل ہونے پرایمان کی بنیاد  پر متحدہ اور متنوع ثقافت کے عنوان سے شاندار  مسلم ڈے پریڈ کا انعقاد کیا گیا ۔

 پریڈ کاآغاز  38 اسٹریٹ میڈیسن ایونیو سے  ہوا۔۔جس کی ابتدا تلاوتِ کلامِ پاک سے  کی گئی ۔۔پریڈ میں  نیویارک میں مقیم   دنیا بھر کے مختلف  مسلم  ممالک کے باشندوں   نے کثیر  تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر   مختلف ثنا خوانوں نے اپنے اپنے  انداز میں   نشید  ، درود و سلام، نعتیں اور دیگر کلام  پیش کیے ۔مسلم  ڈے  پریڈ میں  صرف مسلمان ہی نہیں  بلکہ   ریاستی حکام  ،  شہری حکومت  کے  نمائندے اورشہری اداروں  کے ملازمین  نے بھرپور شرکت  کی۔پریڈ کے آغاز پر نیویارک سٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ  کے    چاک و چابند  دستوں نے   اپنا روایتی  مارچ کیا اور سلامی دی ۔۔مختلف  مسلم  ممالک سے تعلق رکھنے والے  مسلما ن باشندے اپنے اپنےا ٓبائی   ملکوں کے پرچم  لہراتے   پریڈ  میں   شریک  ہوئے   جس نے اتحاد و یکجہتی اور بھائی چارگی کا  خوبصورت پیغام دیا۔سماجی تنظیم کوپو  کے سربراہ  ومسلم ڈے پریڈ کے  اہم  منتظم  محمد رضوی  اور  این وائے  پی ڈی  میں  مسلمان  چیپلن  امام  طاہر نے  شرکا سے خطاب میں کہا کہ امریکا میں دنیا  بھر کے مذاہب اور اقوام مقیم  ہیں اور آج مسلم  ڈے پریڈ میں سب نے شرکت کرکے یہ واضح پیغام دیا کہ ہم سب ایک ہیں۔۔خراب  موسم،   بارش اور طوفان کی پیشگوئی کے باوجو  د  بھی مسلم ڈے پریڈ کے شرکا   کا جوش و جذبہ اور ولولہ انگیزی  دیدنی تھی ۔مختلف اسکول، مساجد و اسلامک سینٹرز سے   تقریباً20 بسوں کے ذریعے   طلبہ و شرکا پریڈ میں پہنچے ،ظہر کا وقت ہوا تو مین ہٹن  میں  اللہ اکبر کی صدائیں   گونجی  جس کے بعد  باجماعت  نماز ادا کی گئی ۔۔نماز کی ادائیگی کے بعد  شرکا   نے   محمد رضوی، عین الحق، امریکی  آفیشلز اور پریڈ کے دیگر منتظمین کی قیادت میں  مارچ شروع کیا ۔قبل ازیں اسمبلی مین  بوبی کیرول، نیویارک  کی گورنر کیتھی  ہوکل  کے دفتر کی نمائندہ او ر شہری حکومت میں خاتون کمشنر نے شرکا سے خطاب میں  کوپو  کی کاوشوں اور شہر کی ترقی میں مسلم کمیونٹی کے کردار  کو سراہا۔ پریڈ میں  مسلم    عقیدے    کےاظہار کے لیے بیت اللہ، مدینہ  منورہ  میں سبز  گنبد  اور  قبلہِ اول  بیت المقدس  کی  شبیہہ  سے  تیار فلوٹس  خاص  توجہ کا مرکز  رہے ۔مسلم ڈے  پریڈ کے شرکا  مارچ کرتے ہوئے  اپنے مقررہ مقام پر پہنچے تو  پریڈ باقائدہ ایک جلسے کی شکل اختیار کر  گئی تو امریکی قومی  ترانہ  پڑھا گیا۔۔حاضرین سے خطاب میں  اسٹیٹ  سینیٹر جان لو  ، اسمبلی وومن روڈنیز  بیشوٹ   اور دیگر کا کہنا تھا کہ اس  پریڈ میں بلا کسی  رنگ ونسل کی تفریق  کے سب کی شرکت نے ایک خوبصورت گلدستہ بنادیا ہے ، امید ہے یہ یونہی مہکتا  رہے گا۔نیویارک پولیس  میں پہلے پاکستانی نژاد  انسپکٹر  عدیل  رانا، مسلم آفیسر  سوسائٹی کے صدر  ڈپٹی انسپکٹر وحید اختر، ڈپٹی انسپکٹر اویس خانزادہ، ڈپٹی انسپکٹر مصباح نور سمیت  دیگر مسلم  افسران بھی شریک تھے ۔پریڈکے شرکا سے مسلمان  افسران  نے بھی خطاب کیا ۔مقررین کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی شناخت پر فخر ہے،ہم سب کے لیے  یکساں حقوق  چاہتے ہیں۔پریڈ میں ہر عمر کے افراد، بالخصوص بچوں، بزرگوں، نوجوانوں اور خواتین نے بڑی تعداد میں بھرپور شرکت کی اور اپنے مذہبی و ثقافتی ورثے کا والہانہ اظہار بھی  کیا۔حاضرین سے خطاب  میں کمیونٹی رہنماؤں نے  یک زبان ہوکر امن و محبت سب کے لیے اور نفرت کسی سے  نہیں کا مثالی پیغام دے کر سب کے دل جیت لیے۔تقریب کے اختتام پر سماجی تنظیم کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن کے سربراہ  محمد رضوی نے  بارش کے باوجود پریڈ کو کامیاب بنانے پر مہمانوں اور شرکا سے اظہارِ تشکر کیا۔اس موقع پر نیویارک سٹی کے میئر آفس کی طرف سے کوپو  کی  پوری  ٹیم  کو جبکہ  اسمبلی وومن  روڈنیز   بشوٹ نے پریڈ کے  منتظم  عین الحق کو   سائٹیشن  پیش کیں۔۔عین الحق نے سب سے اظہارِ تشکر بھی کیا۔آخر میں معروف  شامی گلوکار وجدی  ایوب  نے منفردآواز او ر لب و لہجے میں نشیدپیش کرکے سماں باندھ دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.