vosa.tv
Voice of South Asia!

53 سال بعد این بی اے چیمپئن بننے پر نیویارک نِکس کی شاندار فتح پریڈ

0

نیویارک، امریکا — نیویارک نِکس نے 53 سال بعد این بی اے چیمپئن شپ جیتنے کی خوشی میں مین ہیٹن کے مشہور "کینین آف ہیروز” میں تاریخی ٹکر ٹیپ پریڈ کا انعقاد کیا، جس میں ہزاروں شائقین نے شرکت کی اور شہر کو نیلے اور نارنجی رنگوں سے سجا دیا۔

نِکس نے پلے آف میں 16 فتوحات اور صرف 3 شکستوں کے شاندار ریکارڈ کے ساتھ 1973 کے بعد اپنی پہلی این بی اے چیمپئن شپ اپنے نام کی۔ ٹیم کے کپتان اور فائنلز کے سب سے قیمتی کھلاڑی (ایم وی پی) جیلن برنسن نے چیمپئن شپ ٹرافی بلند کر کے مداحوں کا جوش دوبالا کر دیا۔جیلن برنسن نے کہا کہ اس کامیابی کے لیے کی گئی تمام محنت کا صلہ مل گیا ہے اور وہ اس خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے۔ پریڈ کے دوران فضا میں نیویارک نِکس کے رنگوں کی کنفیٹی بکھرتی رہی جبکہ شائقین مسلسل "لیٹس گو نِکس” کے نعرے لگاتے رہے۔پریڈ کا آغاز مین ہیٹن کے جنوبی حصے بیٹری پارک سے ہوا اور براڈوے کے راستے سٹی ہال تک جاری رہی، جہاں کھلاڑیوں کو شہر کی علامتی چابیاں بھی پیش کی گئیں۔ سڑکوں، عمارتوں، پلوں اور راستے کے اطراف ہزاروں افراد اپنی ٹیم کی تاریخی کامیابی کا جشن منانے کے لیے موجود تھے۔معروف فلم ساز اور نِکس کے دیرینہ مداح اسپائیک لی بھی ایک فلوٹ پر جیلن برنسن کے ساتھ موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ زندگی میں پہلی بار کسی فتح پریڈ میں شریک ہوئے ہیں اور خوشی ہے کہ یہ موقع نِکس کی چیمپئن شپ کی وجہ سے ملا۔نِکس کے سابق لیجنڈ کھلاڑی والٹ "کلائیڈ” فریزیئر، جو 1970 کی دہائی کی چیمپئن ٹیم کا حصہ تھے، پریڈ کی قیادت کرتے ہوئے نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیم نے پورے شہر کو ایک نئی توانائی دی ہے اور یہ کامیابی ان کی توقعات سے کہیں بڑھ کر ہے۔یہ نیویارک شہر کی تاریخ کی 210ویں ٹکر ٹیپ پریڈ تھی، جبکہ اس سے قبل 2024 میں خواتین کی باسکٹ بال ٹیم نیویارک لبرٹی کے اعزاز میں بھی ایسی ہی پریڈ منعقد کی گئی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.