امریکی شہر نیویارک کے علاقے کوئنز میں تیز ہواؤں کے باعث بھڑکنے والی آگ نے دو گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں 14 فائر فائٹرز سمیت مجموعی طور پر 16 افراد زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق آگ جیکسن ہائٹس میں دوپہر تقریباً 3 بجے لگی اور تیز ہواؤں نے شعلوں کو تیزی سے پھیلایا، جس سے صورتحال انتہائی خطرناک ہو گئی۔ آگ اتنی شدت اختیار کر گئی کہ کچھ فائر فائٹرز ایک موقع پر عمارت کے اوپر پھنس گئے اور انہیں ہنگامی رسی کے ذریعے خود کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا پڑا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر ایک گھر کے پچھلے حصے سے شروع ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے دونوں گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق تین فائر فائٹرز شدید زخمی ہوئے جبکہ دیگر افراد کو معمولی چوٹیں آئیں، تاہم کسی کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔ تمام مکین محفوظ طور پر گھروں سے نکلنے میں کامیاب رہے، جبکہ متعدد پالتو جانور بھی بچا لیے گئے۔فائر ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے اور ابتدائی طور پر کوئی مشتبہ عنصر سامنے نہیں آیا۔