امریکا کی وزارتِ انصاف نے ریاست منی سوٹا کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے، جس میں طالبات کے کھیلوں اور نجی مقامات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قانونی کارروائی کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق مقدمہ ٹائٹل نائن کے تحت دائر کیا گیا ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ منی سوٹا کا محکمہ تعلیم اور اسٹیٹ ہائی اسکول لیگ صنفی بنیادوں پر امتیازی سلوک کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ لڑکیوں کے لیے مخصوص کھیلوں میں لڑکوں کی شمولیت اور لڑکیوں کے لیے مختص لاکر رومز اور باتھ رومز تک رسائی دینا قانون کی خلاف ورزی ہے۔امریکی اٹارنی جنرل پام بونڈی کا کہنا ہے کہ حکومت ایسی پالیسیوں کو برداشت نہیں کرے گی جو خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ ناانصافی کا سبب بنیں۔ دیگر حکام نے بھی مؤقف اختیار کیا کہ ٹائٹل نائن کے تحت وفاقی فنڈنگ حاصل کرنے والے تعلیمی اداروں پر لازم ہے کہ وہ طالبات کے حقوق، تحفظ اور برابری کو یقینی بنائیں۔مقدمے میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ موجودہ پالیسیوں سے لڑکیوں کو برابر مواقع نہیں مل رہے اور ان کے لیے تعلیمی ماحول بھی متاثر ہو رہا ہے، اس لیے عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان اقدامات کو غیر قانونی قرار دے کر فوری اصلاحات کی جائیں۔