جرمنی کی معروف تنظیم جرمن اکیڈمک ایکسچینج سروس کی جانب سے ’’گلوبل ریسرچ آپرچونٹیز فار دی ساؤتھ‘‘ پروگرام 2026 کے لیے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں، جس کا مقصد ترقی پذیر ممالک میں تحقیق کو فروغ دینا اور عالمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
یہ پروگرام بالخصوص ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکا کے محققین کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، جس میں پی ایچ ڈی طلبہ، پوسٹ ڈاک ریسرچرز، اساتذہ اور سینئر سائنسدان درخواست دے سکتے ہیں، تاہم درخواست دہندہ کا اپنے ملک کی کسی جامعہ یا تحقیقی ادارے سے وابستہ ہونا لازمی ہے۔اسکالرشپ کے تحت دو اقسام کی سہولت فراہم کی گئی ہیں، جن میں مختصر دورانیے کے تحقیقی دورے اور جرمنی میں دو سے چھ ماہ تک مکمل تحقیق کا موقع شامل ہے۔ منتخب افراد کو ماہانہ وظیفہ، سفری اخراجات اور طبی انشورنس بھی فراہم کی جائے گی۔حکام کے مطابق یہ پروگرام اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ ہے، جس کے تحت صحت، تعلیم، ماحولیات اور سماجی ترقی جیسے شعبوں میں تحقیق کو ترجیح دی جائے گی۔