vosa.tv
Voice of South Asia!

ناساؤ کاؤنٹی کا افطار ڈنر، بین المذاہب ہم آہنگی کا شاندار مظاہرہ

0

ناساؤ کاؤنٹی میں رمضان المبارک کی مناسبت سے ایک پروقار رمضان افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا جس میں مسلم کمیونٹی کے اراکین، مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد، مقامی حکام، سماجی رہنماؤں اور کمیونٹی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد رمضان المبارک کی روح کو اجاگر کرنا اور مختلف کمیونٹیز کے درمیان باہمی احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔

افطارکی پر رونق  تقریب بروس بلیک مین کی میزبانی میں ناساؤ کاؤنٹی آفس آف ایشئین امریکن افئیرز  کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔ قریب کا انعقاد ڈیوڈ ایس میک سینٹر فار ٹریننگ اینڈ انٹیلیجنس میں کیا گیا جوناساؤ کمیونٹی کالج  کے کیمپس میں واقع ہے۔ تقریب  کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔بعد ازاں بارگاہ رسالت میں نعت رسول مقبول پیش کی گئی۔امریکی ترانہ بجایا گیا تو تمام شرکاء احترام میں کھڑے ہو گئے۔تقریب کی نظامت ناساؤ کاؤنٹی کے  ایگزیکیٹیو ڈائریکٹر ایشئین افئیرز  عون نقوی نے کی،ان کا کہنا تھا کہ آج ہم چوتھے سالانہ افطار ڈنر  کی میزبانی  کر رہے ہیں اور تمام مہمانوں کی آمد کے شکر گزار ہیں۔ اس موقع پر ناساؤ کاؤنٹی ایگزیکٹیو بروس بلیک مین نے پروگرام کے انعقاد کو سراہا اور اپنی ٹیم کا   شکریہ ادا کیا۔ سینئیر  ایڈوائزر چودھری اکرم نے کمیونٹی کے رہنماؤں سمیت تمام افراد  کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم متحد ہیں اور ایک ساتھ ہیں۔ افطار میں مسلم کمیونٹی کے علاوہ دیگر مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر رمضان المبارک کی اہمیت، روزے کی روحانی افادیت اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ پر روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے کہا کہ رمضان کا مہینہ صبر، برداشت، خدمتِ انسانیت اور دوسروں کے ساتھ ہمدردی کا درس دیتا ہے۔تقریب کے دوران مختلف کمیونٹی رہنماؤں اور سرکاری نمائندوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام مختلف ثقافتوں اور مذاہب کے درمیان فاصلے کم کرنے اور ایک دوسرے کو بہتر انداز میں سمجھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ جیسے کثیر الثقافتی معاشرے میں باہمی احترام، برداشت اور اتحاد کو فروغ دینا نہایت ضروری ہے۔نیو یارک پولیس کے انسپکٹر عدیل رانا نے افطار کے شاندار اہتمام پر منتظمین کو سراہا۔اس موقع پر پاکستان امریکن کمیونٹی یو ایس اے اور دیگر تنظیموں کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ناساؤ کاؤنٹی کی جانب سے تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔ بعد ازاں معروف عالم دین تصور الحسن گیلانی نے دعا کروائی تقریب میں شرکت کرنے والے افراد کا کہنا تھا کہ اس طرح کے پروگرام نہ صرف رمضان المبارک کی روح کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ مختلف کمیونٹیز کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ افطار کے موقع پر شرکاء کو مختلف روایتی حلال کھانوں سے تواضع کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی احترام کو مزید فروغ دیا جا سکے اور رمضان المبارک کے پیغام کو وسیع پیمانے پر عام کیا جا سکے۔  

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.