شکاگو سحور نائٹس میں ہزاروں افراد کی شرکت، رمضان کی بڑی تقریب
شکاگو: الینوائے مسلم چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی “شکاگو سحور نائٹس” میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جو شکاگو کے علاقے میں رمضان المبارک کی سب سے بڑی تقریبات میں شمار کی جا رہی ہے۔
یہ تقریب شالیمار بینکوئیٹ میں انڈور اور آؤٹ ڈور دونوں مقامات پر منعقد ہوئی۔منتظمین کے مطابق افتتاحی رات جمعہ 6 مارچ کو تقریباً پانچ ہزار افراد نے شرکت کی، جبکہ دوسرے روز شرکا کی تعداد سات ہزار سے تجاوز کر گئی۔ یہ فیسٹیول عشاء اور تراویح کے بعد رات 9 بجے شروع ہو کر نمازِ فجر تک جاری رہا اور اس میں شرکت کے لیے داخلہ مکمل طور پر مفت رکھا گیا تھا۔تقریب میں تقریباً ایک سو حلال فوڈ فروشوں نے حصہ لیا، جنہوں نے مختلف بین الاقوامی اور روایتی کھانوں کے اسٹالز لگائے۔ شرکا نے اسٹریٹ فوڈ، جنوبی ایشیائی اور مشرقِ وسطیٰ کے بی بی کیو، چائے، فِلی چیز اسٹیکس اور حلال بوبا سمیت مختلف لذیذ پکوانوں سے لطف اٹھایا۔ اس کے علاوہ عید کی خریداری کے لیے کپڑوں، جیولری اور مہندی کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔الینوائے مسلم چیمبر آف کامرس کے مطابق اس تقریب کا مقصد صرف کھانے پیش کرنا نہیں بلکہ رمضان المبارک کے دوران کمیونٹی کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں لوگ اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ سحری کر سکیں اور اپنی ثقافت سے لطف اندوز ہو سکیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس سحری فیسٹیول کا بنیادی مقصد مسلم کمیونٹی کو ایک جگہ جمع کرنا اور رمضان کی راتوں میں ایک محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے۔تقریب کے منتظم شفیق ابوبکر نے کہا کہ شکاگو سحری میلے کا مقصد اسلامی برادری میں ایسی روایت قائم کرنا ہے جو آنے والی نسلوں کو بھی ایک دوسرے کے قریب لائے۔ جبکہ تنظیم سے وابستہ نائلہ علی کا کہنا تھا کہ اس فیسٹیول میں دوستوں، خاندانوں اور شکاگو کی متحرک کمیونٹی کے ساتھ سحری سے قبل مزیدار کھانوں اور مختلف سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملتا ہے۔منتظمین کے مطابق شکاگو کے علاقے میں یہ اپنی نوعیت کا دوسرا بڑا سحری فیسٹیول ہے جس میں ریاست کے معروف حلال ریستورانوں اور فوڈ وینڈرز نے شرکت کی اور ہزاروں افراد کے لیے خصوصی طور پر بڑے پیمانے پر کھانے تیار کیے تاکہ بڑھتی ہوئی تعداد کو آسانی سے خدمات فراہم کی جا سکیں۔